چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سید منصور علی شاہ کی صدارت میں عدالت عالیہ کی ڈیڑھ سو سالہ تقریبات کے انتظامات جائزہ لینے کیلئے اجلاس

ہائیکورٹ کی ڈیڑھ سو سالہ تقریبات کا آغاز یکم نومبر کو ہوگا٬ افتتاحی تقریب میں لاہور ہائیکورٹ کے تمام ریٹائرڈ چیف جسٹس صاحبان٬ لاہور ہائیکورٹ کے موجودہ ججز٬ افسران اور ملازمین شرکت کرینگے

بدھ 26 اکتوبر 2016 21:12

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اکتوبر2016ء) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سید منصور علی شاہ کی صدارت میں عدالت عالیہ کی ڈیڑھ سو سالہ تقریبات کے انتظامات جائزہ لینے کیلئے اجلاس منعقد کیا گیا٬ اجلاس کو بتایا گیا کہ ڈیڑھ سو سالہ تقریبات کیلئے انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مسٹر جسٹس سید منصور علی شاہ کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی٬ رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ خورشید رضوی سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی٬ اجلاس کے دوران چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے بتایا کہ ہائیکورٹ کی ڈیڑھ سو سالہ تقریبات کا آغاز یکم نومبر کو ہوگا٬ افتتاحی تقریب میں لاہور ہائیکورٹ کے تمام ریٹائرڈ چیف جسٹس صاحبان٬ لاہور ہائیکورٹ کے موجودہ ججز٬ افسران اور ملازمین شرکت کرینگے٬ چیف جسٹس نے مزید بتایا کہ ڈیڑھ سو سالہ تقریبات کی افتتاحی تقریب بیک وقت لاہور٬ راولپنڈی٬ ملتان اور بہاولپور میں منعقد ہو گی٬ ڈویڑن بنچوں میں متعلقہ اضلاع کے جوڈیشل افسران شریک ہونگے٬ اجلاس کو بتایا گیا کہ یکم نومبر کی افتتاحی تقریب کے بعد پانچ نومبر کو بہالپور بنچ میں سمپوزیم منعقد کیا جائیگا جس میں نو اضلاع کے کے جوڈیشل افسران٬ وکلاء تنظیموں کے نمائندوں سمیت دیگر شریک ہونگے٬ چھ نومبر کو جمخانہ کلب لاہور میں ہائیکورٹ کے ججز کے درمیان کرکٹ میچ کھیلا جائیگا٬ سات نومبر کو نو مختلف اضلاع میں بچوں کو ضلعی عدالتوں کا دورے کرائے جائیں گے اور انہیں ججز٬ عدالتی کارروائی اور وکلا کی خدمات سے متعلق آگاہی فراہم کی جائیگی تاکہ بچوں میں نظام عدل کے حوالے شعور پیدا ہو سکے٬ اجلاس کو بتایا گیا کہ بارہ اور تیرہ نومبر کو نو اضلاع میں ضلعی عدلیہ کی تقریبات منعقد کی جائینگی جبکہ 14نومبر کو لاہور ہائیکورٹ کے راولپنڈی بنچ میں سمپوزیم ہوگا اور اسی دن مزید بچوں کو عدالتوں کا دورا کرایا جائیگا٬ لاہور ہائیکورٹ کی ڈیڑھ سو سالہ تقریبات میں فوٹو گرافی٬ مضمون نگاری سمیت دیگر نوعیت کے مقابلے بھی رکھے گئے ہیں تاکہ ان تقریبات کے دوران لاہور ہائیکورٹ کے تاریخی٬ ثقافتی پہلو کو زیادہ بہتر طریقے سے اجاگر کیا جا سکے٬ عدالت عالیہ کی ڈیڑھ سو سالہ تقریبات کا اختتام دس دسمبر کو ہوگا٬ اختتامی تقریب میں چیف جسٹس پاکستان انور ظہیر جمالی مہمان خصوصی ہونگے٬ ڈیڑھ سوسالہ تقریبات میں وکلاء تنظیموں کے نمائندوں٬ سول سوسائٹی٬ نوجوان وکلاء سمیت دیگر کو بھی شامل کیا گیا ہے ۔

(بخت گیر)