سیپرا پرکیورمنٹ قوانین سے آگاہی وتربیت سے سرکاری دفاتر میں شفافیت کے عمل کو تقویت ملے گی٬ڈپٹی کمشنر کادو روزہ کیپیسٹی بلڈنگ ورکشاپ کی اختتامی تقریب سے خطاب

بدھ 26 اکتوبر 2016 20:59

نوشہروفیروز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اکتوبر2016ء) سیپرا پرکیورمنٹ قوانین سے آگاہی سرکاری محکموں کے افسران واہلکاروں کو دفتری امور احسن طریقے سے نمٹانے میں مدد گار ثابت ہوگے اور اس تربیت سے سرکاری دفاتر میں شفافیت کے عمل کو تقویت ملے گی یہ بات ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر وسیم علی نے سیپرا کی جانب سے ڈپٹی کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں منعقدہ دو روزہ کیپیسٹی بلڈنگ ورکشاپ کی اختتامی تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت نے صوبے بھر میںعوامی بھلائی کے کاموں٬ اشیاء کی خریداری اور سروسز کی فراہمی کیلئے بنائے گئے قوانین کو سرکاری افسران و عملداروں کو آگاہی کیلئے ٹریننگ ورکشاپس کا انعقاد کیا جارہا ہے تاکہ ان افسران و عملداروں کو قوانین سے آگاہی دی جاسکے ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے سیپرا کی جانب سے نوشہروفیروز میں سندھ پبلک پروکیورمنٹ ایکٹ 2009 اور رولز 2010 ترمیم شدہ 2013کے متعلق افسران کو تربیت فراہم کرنے پر سیپرا کا شکریہ ادا کیا ۔

اس موقع پر ڈائریکٹر کیپسٹی بلڈنگ سیپرا اشفاق احمد سومرو ڈپٹی ڈائریکٹر ایوب علی خان نے ورکشاپ کے آغراض و مقاصد سے ڈپٹی کمشنر کو آگاہی دی اور کہا کہ سیپرا قوانین پر عمل درآمد کرکے پبلک ورکس ٬ اشیاء کی خریداری اور سروسز کے حصول سے قابلیت اور شفافیت ممکن ہوگی۔اس ورکشاپ میںضلع نوشہروفیروز ٬ خیر پور٬ دادو٬ نوابشاہ٬ سکھر٬لاڑکانہ کے ورکس اینڈ سروسز٬ اینٹی کرپشن٬جیل خانہ جات٬ فاریسٹ٬ میونسپل کمیٹیز٬ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے علاوہ مختلف محکموں کے 40 افسران نے تربیت حاصل کی۔پروگرام کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر وسیم علی نے تربیت حاصل کرنے والے افسران میں سرٹیفکیٹ تقسیم کئے۔