ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کو سرحدی انتظام کے منصوبہ کیلئے 25 کروڑ ڈالر کا قرضہ دے گا٬

سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن طارق باجوہ اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ورنر لی پیک نے معاہدے پر دستخط کردیئے

بدھ 26 اکتوبر 2016 20:59

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اکتوبر2016ء) ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) پاکستان کو سرحدی انتظام کے منصوبہ کیلئے 25 کروڑ ڈالر کا قرضہ دے گا٬ اس حوالہ سے حکومت پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان معاہدہ طے پا گیا۔ سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن طارق باجوہ اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ورنر لی پیک نے معاہدے پر دستخط کئے۔

بدھ کو کاریک وزارتی کانفرنس کے اختتام پر وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر کی مشترکہ پریس کانفرنس سے قبل معاہدے پر دستخط کرنے کی تقریب ہوئی۔ معاہدے کے تحت بارڈر مینجمنٹ کے اس منصوبہ میں سرحدی کراسنگ پوائنٹس پر فزیکل انفراسٹرکچر کی تعمیر٬ سکینرز جیسے آلات کی فراہمی٬ آئی ٹی ہارڈویئر اور سافٹ ویئر سپورٹ اور استعداد کار میں اضافہ شامل ہے۔

(جاری ہے)

اس منصوبہ کا مقصد سرحدوں کے مربوط انتظام کیلئے سنگل ونڈو سسٹم اختیار کرنا٬ کراسنگ پوائنٹس کے ذریعے تجارت اور ٹرانزٹ کارگو کو بڑھانا اور کراسنگ پوائنٹس پر جدت لانا ہے۔ اس موقع پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بارڈر مینجمنٹ کے شعبہ میں معاونت فراہم کرنے پر ایشیائی ترقیاتی بینک کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان علاقائی رابطوں میں بہتری بالخصوص افغانستان اور وسطی ایشیائی خطہ کے ساتھ روابط بڑھانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے گا۔

متعلقہ عنوان :