سہولیات کی فراہمی کیلئے دستیاب وسائل کو مربوط حکمت عملی کے تحت استعمال کررہے ہیں٬ چیئرمین بلدیہ جنوبی

بدھ 26 اکتوبر 2016 20:52

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اکتوبر2016ء) چیئرمین بلدیہ جنوبی ملک محمد فیاض نے کہاہے کہ عوامی خدمت کا جذبہ اور اپنے فرائض کی ادائیگی نیک نیتی سے کی جائے تو وسائل کی کمی مقاصد کے حصول میں رکاوٹ نہیں بن سکتی ہم سب عوام کی خدمت پرمامور ہیں اور عوام کو بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کیلئے دستیاب وسائل کو مربوط حکمت عملی کے تحت استعمال کررہے ہیں۔

جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہارانہوں نے محکمہ ایم اینڈ ای کے آٹو سیکشن کی جانب سے مکمل مرمت کرکے ایک ناکارہ اور بیکار پڑے ڈمپرکو دوبارہ قابل استعمال بنا کر محکمہ سینیٹیشن کے حوالے کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پرمیونسپل کمشنر آفاق سعید٬ یوسی 12 کے چیئرمین حبیب حسن٬ ایکسین ایم اینڈ ای شکیل مغل٬آٹو انچارج محمد اقبال ودیگر متعلقہ افسران بھی انکے ہمراہ تھے ۔

(جاری ہے)

چیئرمین ملک محمد فیاض نے کہا کہ ہماری بھرپور کوشش ہے کہ ورکشاپ میں ناقابل استعمال تمام مشینری کو اپنے دستیاب وسائل کو بروئے کار لا کر قابل استعمال بنائیں تاکہ عوام کی بلدیاتی خدمات کے فریضہ کو احسن طریقے سے انجام دیاجائے اور اس کے بہتراور مثبت نتائج عوام تک پہنچ سکیں جو گاڑیاں مرمت طلب ہیں انہیں تیار کرکے آن روڈ کر نے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں ملک محمد فیاض نے مزید کہا کہ صفائی ستھرائی کے امور میں مزید بہتری کیلئے خراب کچرا گاڑیوں کی درستگی کے کام کو یقینی بنایا جائے۔

چیئرمین سائوتھ نے اس موقع پر ہیوی مشینری کے ڈرائیوروں٬ آٹو افسران اور انجینئرنگ اسٹاف کو ہدایت دیں کہ تمام قابل استعمال گاڑیوں کی روزمرہ روٹین کی مرمت اور دیکھ بھال کو یقینی بنائیں تاکہ گاڑیوں میں بڑی خرابیوں پر قابو پاکر فنڈزکی مد میں بچت کا ذریعہ نکل سکے۔