ملتان میں انسداد ڈینگی کیلئے پورے ضلع کی ازسر نو سرویلنس کر نے کا فیصلہ

بدھ 26 اکتوبر 2016 20:47

ملتان۔26 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اکتوبر2016ء) ضلعی حکومت ملتان نے انسداد ڈینگی کیلئے پورے ضلع کی ازسر نو سرویلنس کر نے کا فیصلہ کیا ہے اس سلسلے میں محکمہ صحت کی ٹیموں اور ٹائون انتظامیہ کو یونین کونسل کی سطح پر ہر گھرمیں جا کر صفائی اور ماحول خشک رکھنے کی تربیت دینے کا ٹاسک دیا گیا ہے ۔ضلعی آفیسروں کو آوٹ ڈور اور ان ڈور مقامات پر لاروا ملنے کی صورت میں حفاظتی اقدا مات نہ اپنا نے والوں کے خلاف مقدمات درج کرانے کے احکامات بھی دیے گئے ہیں ۔

ڈی سی او کی ہدایت پر موسم سرد ہو نے سے قبل تمام علاقوں میں ڈینگی لاروے کی تلفی کو یقینی بنایا جائے گا کہ شہریوں کی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکتے۔ان خیالات کا اظہار ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر منظر جاوید نے ڈی سی او آفس میں منعقدہ انسداد ڈینگی مہم کے سلسلے میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

ضلعی محکموں کے سربراہان بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر منطرجاوید نے کہا کہ حکومت پنجاب نے ڈینگی کے خلاف گزشتہ کئی برس سے جنگی حالت کا اعلان کر رکھا ہے ملتان میں انسداد ڈینگی لاروے کیلئے ہونیوالی سرگرمیوں کی تعداد صوبہ بھر میں سر فہرست ہے ۔ضلعی حکومت نے اضافی سٹاف اور ماہرین کی خدمات حاصل کر کے شہر کے چپے چپے کی سرویلنس شروع کر رکھی ہے ۔ہر گھر میں ٹینکی اور ایئر کولر سمیت تمام اشیاء کی چیکنگ کی جاتی ہے تاکہ لاروے کی نشاندہی کی جا سکے ۔

منظر جاوید علی نے کہا کہ ڈینگی کے خلاف اس جنگ میں ضلعی حکومت کے ساتھ شہریوں کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے گھروں اور دفاتر کو خشک اور صاف ستھرا رکھیں اور پانی کھڑا نہ ہونے دیں۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال کے دوران ضلع ملتان میں ڈینگی کا کوئی کیس منظر عام پر نہیں آیا جو کہ محکمہ صحت کی بہترین کارکردگی کا ثبوت ہے۔بعد ازاں اجلاس میں فوکل پرسن برائے ڈینگی مہم ڈاکٹر عطا ء الرحمن نے شرکاء کو تفصیلی بریفنگ بھی دی۔

متعلقہ عنوان :