میٹرو بس اسٹیشن افشار چوک اور پیپلز کالونی کے ساتھ مزید اراضی حاصل کرنے کے لئے ایوارڈ کا اعلان

بدھ 26 اکتوبر 2016 20:47

ملتان۔26 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اکتوبر2016ء) ملتان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے لینڈ ایکوزیشن کلکٹر(ایل اے سی)چوہدری غلام مصطفی نے میٹرو بس روٹ کے معاوضہ حاصل نہ کرنے والے متاثرین سے کہا ہے کہ وہ ایم ڈی اے سے رابطہ کریں تاکہ انہیں معاوضہ کی ادائیگی کی جاسکے۔ایل اے سی نے میٹرو بس اسٹیشن افشار چوک اور پیپلز کالونی کے ساتھ مزید اراضی حاصل کرنے کے لئے ایوارڈ کا اعلان بھی کردیا ہے۔

ایل اے سی چوہدری غلام مصطفی نے بریفنگ دیتے ہوے بتایا کہ میٹرو بس روٹ کے اکثریتی متاثرین کو ادائیگی کردی گئی ہے جبکہ کچھ متاثرین نے وراثت یا پی ٹی ون کے حوالے سے مختلف عدالتوں سے رجوع کررکھا ہے جنہیں فیصلہ آنے کے بعد ادائیگی کی جائے گی لیکن میٹرو بس روٹ کے ایسے متاثرین بھی ہیں جن کے کیس عدالتوں میں نہیں ہیں لیکن وہ معاوضے کے حصول کے لئے ابھی تک رابطہ نہیں کررہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے متاثرین سے کہا ہے کہ وہ متلقہ دستاویزات کے ہمراہ ایم ڈی اے میں واقع ان کے آفس سے رابطہ کریں تاکہ انہیں ادائیگی کی جاسکے۔ لینڈ ایکوزیشن کلکٹر نے افشار چوک اور پیپلز کالونی کے میٹرو بس اسٹیشنز کے ساتھ مزیداراضی حاصل کرنے کے لئے ایوارڈ کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ ان دونوں مقامات پر20مرلے 26گزاور 8فٹ مزید جگہ حاصل کی جارہی ہے تاکہ میٹرو بس اسٹیشنز کے اطراف میں جگہ کو کشادہ کیا جاسکے۔

انہوں نے بتایا کہ کمشنر ملتان ڈویژن کیپٹن(ر) اسداللہ خان کی ہدایت پرچند میٹرو بس اسٹیشنز کے ساتھ مزید جگہ حاصل کی جارہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ بوسن روڈ پر گلگشت میٹرو بس اسٹیشن٬چونگی نمبر6٬ نشیمن کالونی اور الطاف مارکیٹ میٹرو بس اسٹیشن کے ساتھ بھی مزید اراضی حاصل کی جارہی ہے اور عوامی شکایات پر جگہ کو کشادہ کیا جارہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ بوسن روڈ پر واقع مذکورہ بالا میٹرو بس اسٹیشنزکے ساتھ حاصل کی جانے والی اراضی کا قبضہ حاصل کرنے کے بعد اس کے ایوارڈ کا اعلان کردیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :