وزیراعظم ہرنامعقول اور نامناسب بات مولانا فضل الرحمان سے کرواتے ہیں وہ افواج پاکستان پر شرمناک الزامات لگا کر نواز شریف کی خوشامد کر رہے ہیں٬جب تک مولانا کا اکائونٹ ری چارج ہوتا رہتا ہے وہ حمایت میں بولتے رہتے ہیں٬بے روزگاری کے تصور سے آجکل مولانا فضل شدید ذہنی کوفت میں مبتلا ہیں

تحریک انصاف کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل کا مولانا فضل الرحمان کے بیان کا جواب

بدھ 26 اکتوبر 2016 20:43

اسلا م آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 اکتوبر2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مراد سعید نے کہاہے کہ وزیراعظم نواز شریف ہرنامعقول اور نامناسب بات مولانا فضل الرحمان سے کرواتے ہیں٬ مولانا افواج پاکستان پر شرمناک الزامات لگا کر نواز شریف کی خوشامد کر رہے ہیں٬جب تک مولانا کا اکائونٹ ری چارج ہوتا رہتا ہے وہ حمایت میں بولتے رہتے ہیں٬بے روزگاری کے تصور سے آجکل مولانا فضل شدید ذہنی کوفت میں مبتلا ہیں۔

بدھ کو مولانا فضل الرحمان کے بیان پر تحریک انصاف کا جواب میں مراد سعید نے کہاکہ نواز شریف کو جو بات نامعقول اور نامناسب لگتی ہے اسے وہ مولانا فضل الرحمان سے کرواتے ہیں نواز شریف افواج پاکستان کیخلاف باقاعدہ نفرت انگیز پراپیگنڈے کی سرپرستی کر رہے ہیں مولانا الزام لگا رہے ہیں کہ افواج پاکستان جمہوریت کی دشمن اور نواز حکومت کا تختہ الٹنے کی سازش کر رہی ہیں مولانا افواج پاکستان پر شرمناک الزامات لگا کر نواز شریف کی خوشامد کر رہے ہیںجب تک مولانا کا دسترخوان آباد رہتا ہے انہیں جمہوریت محفوظ ہاتھوں میں دکھائی دیتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ موبائل فون کی طرح جب تک مولانا کا اکائونٹ ری چارج ہوتا رہتا ہے مولانا حمایت میں بولتے رہتے ہیں بہت جلد مولانا نواز شریف کی بجائے کسی اور کی گود میں بیٹھ جائیں گے ٬گود کوئی بھی ہو مولانا کی تقریر کا متن تبدیل نہیں ہوتا ٬بے روزگاری کے تصور سے آجکل مولانا شدید ذہنی کوفت میں مبتلا ہیں ۔ مراد سعید نے کہاکہ مولانا سیاسی بڑھکیں مارنے کی بجائے آئندہ کیلئے اپنے روزگار کی فکر کریں تو بہتر ہو گا۔