شہرمیں فراہمی ونکاسی آب کے مسائل کے حل کیلئے منتخب بلدیاتی نمائندوں سے بھرپور تعاون کیا جائے گا ٬ ایم ڈی واٹر بورڈ

بدھ 26 اکتوبر 2016 20:38

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اکتوبر2016ء) ایم ڈی واٹربورڈ مصباح الدین فرید نے کہا ہے کہ شہر میں فراہمی ونکاسی آب کے مسائل کے حل کیلئے منتخب بلدیاتی نمائندوں سے بھرپور تعاون کیا جائے گا ٬شہریوں کے بہتر مفاد میں ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن کی جانب سے موصولہ شکایات اور تجاویز پر فوری عملدرآمد اور موثر روابط کیلئے باقاعدہ منصوبہ بندی کی جارہی ہے ٬سڑکوں کی مرمت اور تعمیر شروع ہونے سے قبل پانی و سیوریج کی لیکیجز درست کرلی جائیں گی ٬سیوریج کی نکاسی میں بہتری کیلئے ضلعی میونسپل کارپوریشن برساتی نالوں کی صفائی کا مناسب انتظام کریں ٬ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرمین ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن معید انور وائس چئیرمین عبدالرؤف کے ساتھ منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر حق پرست رکن اسمبلی مزمل قریشی میونسپل کمشنر شرقی منظور عباسی ٬سپرنٹنڈنگ انجینئر محمد شفیق٬ سپرنٹنڈنگ انجینئر واٹربورڈ آصف قادری ٬ ایگزیکٹیو انجینئر گلشن اقبال انصار احمد ٬ریاض غوری ٬ محمد اعجاز احمد اور دیگر موجود تھے٬ ایم ڈی واٹربورڈ نے مزید کہا کہ واٹربورڈ سیوریج کی شکایات کے فوری ازالے کے لئے اہم اقدامات کررہا ہے ضلع شرقی میں دیگر اضلاع کے مقابلے میں فراہمی آب کی صورتحال بہت بہتر ہے واٹربورڈ کی جانب سے عید الاضحیٰ اور محرم میں سیوریج کی سیکڑوں شکایات کا فوری ازالہ کیا گیا ٬انہوں نے کہا کہ شہر کے تمام علاقوں کو دستیاب پانی کی بلاامتیاز اور مساویانہ فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے ٬ انہوںنے کہا کہ شہر کے دوردراز اور بلندی پر واقع علاقوں تک پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کیلئے مربوط اور نقائص سے پاک نظام کے لئے بلدیاتی قیادت کے تعاون کی ا شد ضرورت ہے ٬ شہر میں پانی کے ناجائز اور غیر قانونی کنکشنز کے سدباب کے لئے منتخب عوامی نمائندے واٹربورڈ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں انہوں نے واٹربورڈ کے حکام کو ہدایت کی کہ وہ شہریوں کی شکایت کے ازالے میں ضلعی میونسپل کارپوریشنز اور دیگر منتخب صوبائی و بلدیاتی نمائندوں سے رابطے میں رہیں اور ان کی نشاندہی پر سیوریج اور پانی کے مسائل فوری طور پر حل کئے جائیں اس میں کسی قسم کی کوئی غفلت ناقابل برداشت ہوگی ٬اس سے قبل رکن اسمبلی مزمل قریشی ٬چیئرمین ضلعی میونسپل کارپوریشن ایسٹ معید انور اور وائس چیئرمین عبدالرؤف نے ایم ڈی واٹربورڈ کو ضلع شرقی کے مختلف علاقوں میں پانی و نکاسی آب کی صورتحال سے تفیصلاً آگاہ کیا انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر واٹربورڈ کی کارکردگی قابل اطمینان ہے بعض علاقوں میں سیوریج کی نکاسی کی شکایات ہیں ان کے خاتمہ کیلئے فوری اقدمات کئے جائیں ٬انہوں نے کہا کہ حق پرست منتخب قیادت بلاکسی امتیاز کے عوامی مسائل کا حل چاہتی ہے ٬اراکین اسمبلی بھی اپنے فنڈز سے پانی و سیوریج کے ترقیاتی منصوبوں پر کام کررہے ہیں ٬انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کے لئے اگر سڑکوں کی کھدائی ضروری ہے تواس کی باقاعدہ اجازت لی جائے اور جہاں فوری و ہنگامی صورتحال ہو وہاں ضلعی میونسپل کارپوریشن کے چیئرمین ٬وائس چیئرمین یا دیگر ذمہ دار افراد کو آگاہ کرکے کام کا آغاز کیا جائے ۔

متعلقہ عنوان :