جماعت اسلامی کا پلے بارگینگ پر پابندی کے فیصلے کا خیر مقدم

کرپٹ افراد کو کیفر کردار تک پہنچائے بغیر کرپشن کی لعنت کا خاتمہ ناممکن ہے٬کرپشن اور دہشتگردی کا خاتمہ قوم کی اولین ترجیح ہے٬ معراج الہدیٰ صدیقی

بدھ 26 اکتوبر 2016 20:38

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اکتوبر2016ء) جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے عدالت عظمٰی کی جانب سے نیب کے پلی بار گینگ قانون پر پابندی والے فیصلے کا بھر پور خیر مقد م کر تے ہوئے کہا ہے کہ جب تک ملک و قوم کی دولت کی لوٹ مار کرنے والوں کو سخت سزا دیکر کیفر کردار تک نہیں پہنچایا جاتا اس وقت تک قوم کو اس لعنت سے نجات نہیں مل سکتی۔

کرپشن اور دہشت گردی کے شیطانی گٹھ جوڑ کا خاتمہ قوم کی اولین ترجیح ہے۔ ان خیالات کا ا ظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم میں 26 -27 نومبر کو باغ جناح کراچی میں منعقد ہونے والے ’’کل سندھ ورکرز کنونشن‘‘ کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ قومی وسائل کی لوٹ مار کرنے والے مٹھی بھر لوگ کسی بھی پارٹی سے تعلق رکھتے ہوں مگر اپنے ذاتی مفادات کیلئے اکٹھے ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

نیب کا پلے بارگینگ قانون ان کرپٹ لوگوں کو سزا دینے کی بجائے مُک مکا کے بعد چھوڑدیا جاتا تھا جو بعد میں اس سے بھی زیادہ کرپشن کرتا تھا۔ کتنے افسوس کی بات ہے کہ جو ادارہ بدعنوانوں کے احتساب کیلئے قائم کیا گیا تھا وہ خود بدعنوانی میں مصروف اور اس کے فروغ کا سبب بنا ہوا تھا۔ کرپشن واقرباپروری کی پالیسیوں کی وجہ سے قومی ادارے تباہ اور ملک عالمی استحصالی اداروں کے ہاں گروی جبکہ ملک کا بچہ بچہ مقروض ہے۔

عدالت کے حالیہ فیصلہ سے قانون کی بالادستی اور کرپشن کے خاتمے کیلئے پیش رفت ہوگی۔قرضے لیکر ہڑپ کرنے کا سلسلہ مشرف سے لیکر موجودہ حکومت تک جاری ہے۔اب عدالت کے ازخود نوٹس پر کم ازکم مُک مکا کرنے والے تو سامنے آئیں گے ۔انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خاتمے کے بغیر ملک وقوم ترقی نہیں کرسکتے ۔اس موقع پر نائب امیرمحمد حسین محنتی٬قیم ممتازحسین سہتو٬عظیم بلوچ اورمحمدمسلم بھی موجودتھے۔

متعلقہ عنوان :