وزیراعلیٰ شہبازشریف سے ایم این اے اویس لغاری کی ملاقات٬ جنوبی پنجاب کے عوام کی خوشحالی کیلئے جاری ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال

ملتان میٹرو بس پراجیکٹ جنوبی پنجاب کے عوام کیلئے شاندار تحفہ٬ اربوں روپے سے تعمیر ہونیوالے اس منصوبے کا جلد افتتاح ہوگا‘جنوبی پنجاب میں جاری فلاح عامہ کے منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت کی ذاتی نگرانی کر رہا ہوں:شہبازشریف وزیراعلیٰ شہبازشریف کی جنوبی پنجاب میں جاری منصوبوں کی ذاتی نگرانی یہاں کے عوام سے محبت کا منہ بولتا ثبوت ہی:اویس لغاری

بدھ 26 اکتوبر 2016 20:32

لاہور۔26 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اکتوبر2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے یہاں ڈیرہ غازی خان سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی سردار اویس لغاری نے ملاقات کی جس میں جنوبی پنجاب کے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے اربوں روپے کی لاگت سے جاری ترقیاتی منصوبوں اور فورٹ منرو ویلفیئرسٹی کے قیام کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے رکن قومی اسمبلی اویس لغاری سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام کی ترقی اور خوشحالی دل و جان سے عزیز ہے اور مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ہمیشہ جنوبی پنجاب کی ترقی ٬ خوشحالی اور وہاں کے عوام کی فلاح بہبود کو فوقیت دی ہے۔ رواں مالی سال جنوبی پنجاب کی ترقی کیلئے 173 ارب روپے خرچ کئے جا رہے ہیں اور جنوبی پنجاب کے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے متعدد میگاپراجیکٹس پر تیزی سے کام جاری ہے۔

(جاری ہے)

ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کے قبائلی علاقوں میں عوام کی سہولت کیلئے 138 کلومیٹر طویل سڑکیں تعمیر کی جا رہی ہیں جبکہ جنوبی پنجاب کے بڑے شہر ملتان میں عوام کو عالمی معیار کی سفری سہولتیں فراہم کرنے کیلئے میٹرو بس پراجیکٹ تکمیل کے قریب ہے۔ اربوں روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے اس منصوبے کا جلد افتتاح کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میٹرو بس کا منصوبہ جنوبی پنجاب کے عوام کیلئے ایک شاندار تحفہ ہے۔

میٹرو بسوں سے ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے عوام کو جدید ٬ تیز رفتار اور باکفایت سفری سہولتیں میسر آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پینے کا صاف پانی ہر شہری کا حق ہے اور جنوبی پنجاب کے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے اربوں روپے کا منصوبہ شروع کیا گیا ہے۔ جنوبی پنجاب کی 5 تحصیلوں میں 80 سے زائد جدید ترین واٹر فلٹریشن پلانٹس لگائے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فورٹ منرو کو جنوبی پنجاب کا ایک سیاحتی مقام بنانے کیلئے فورٹ منرو ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے اور اس اقدام سے علاقے کی ترقی کے ساتھ سیاحت کو بھی فروغ ملے گا اور عوام کو بہترین سہولتیں میسر آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے صحت عامہ کے شعبہ کی بہتری کیلئے موثر اقدامات اٹھائے ہیں۔ مظفرگڑھ میں سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال کے قیام سے علاقے کے عوام کو جدید اور معیاری طبی سہولتیں میسر آئی ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت ترقی کی متوازن پالیسی پر عمل پیرا ہے اور عوام کی خدمت پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت کا شعارہے۔میں ذاتی طور پر جنوبی پنجاب میں جاری فلاح عامہ کے منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت کی ذاتی نگرانی کر رہا ہوں۔ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں ترقی کا سفر پہلے سے بڑھ کرجاری و ساری رہے گا۔ رکن قومی اسمبلی اویس لغاری نے جنوبی پنجاب کے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف کی قیادت میں پنجاب حکومت نے جنوبی پنجاب کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلئے انقلابی نوعیت کے اقدامات کئے ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کی حکومت اربوں روپے کے وسائل جنوبی پنجاب کی خوشحالی پر خرچ کر رہی ہے جس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف ذاتی دلچسپی اور ذاتی نگرانی میں جنوبی پنجاب کے عوام کی فلاح و بہبود کے منصوبوں مکمل کرا رہے ہیں جو ان کی یہاں کے عوام سے محبت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

متعلقہ عنوان :