جماعت اسلامی کا ضلعی امیر لینڈ مافیا کی پشت پناہی کر رہا ہے٬ شاہ الله دتہ کے متاثرین کا الزام

بدھ 26 اکتوبر 2016 20:15

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اکتوبر2016ء) شاہ الله دتہ کے متاثرین نے الزام عائد کیا ہے کہ جماعت اسلامی کا ضلعی امیر لینڈ مافیا کی پشت پناہی کر رہا ہے جو کہ ہمارے کروڑوں کے پلاٹ ہڑپ کرنا چاہتا ہے٬ جماعت اسلامی کی مقامی قیادت کو اس بارے میں شکایات کیں تاہم کوئی شنوائی نہیں ہوئی٬ ہمارے خلاف جھوٹی ایف آئی آر کٹوا کر تنگ کیا جا رہا ہے۔

بدھ کو نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ الله دتہ کے متاثرین کی کمیونٹی کمیٹی کے چیئرمین چوہدری ساجد اقبال نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے حکام بالا سے دادرسی کی اپیل کی۔ متاثرین کی کمیونٹی کمیٹی کے چیئرمین ساجد اقبال نے کہا کہ 12 سال سے زائد کا عرصہ گزرنے کے باوجود عوام کے حقوق کی مسلسل پامالی جاری ہے مگر اب ظلم کے خلاف متاثرین اٹھ کھڑے ہوئے ہیں اور ہم کو جھوٹے مقدمات میں الجھا کر خوفزدہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

چوہدری ساجد اقبال نے سوال اٹھایا کہ ایک سال پرانے جھگڑے کے نام نہاد واقعہ کو بنیاد بنا کر یکطرفہ ایف آئی آر کاٹی گئی٬ یہ ایف آئی آر٬ ایس پی نے انکوائری کرکے جھوٹی قرار دیدی٬ ہم اس پر آئی جی اسلام آباد اور ایس پی صدر کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ متاثرین کے نمائندوں نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ 18 اکتوبر 2016ء کو سینکڑوں متاثرین نے بمعہ اہل و عیال ایف ٹین مرکز اسلام آباد میں اپنے حقوق کیلئے احتجاج کیا جو ان کا قانونی و آئینی حق ہے مگر لینڈ مافیا نے اپنے ذاتی اثر و رسوخ سے تھانے میں بیٹھ کر 20 افراد کے خلاف دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر ہم پر مقدمہ درج کرا دیا اور ایف آئی آر میں درج سارے نام لینڈ مافیا نے لکھوائے جبکہ اسلام آباد میں دفعہ 144 کا نوٹیفکیشن 12 اکتوبر کو ختم ہوچکا تھا لہٰذا ہم آئی جی اسلام آباد سے مطالبہ کرتے ہیں کہ پولیس کے وہ اہلکار جو ان کے ذاتی ملازم بنے ہوئے ہیں ان کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے اور متاثرین نے کروڑوں روپے کے فراڈ٬ غبن اور خوردبرد کی جو درخواست تھانہ گولڑہ میں بھی دی ہے اس کی ایف آئی آر درج کی جائے۔

چوہدری ساجد اقبال نے مطالبہ کیا کہ نیب کے چیئرمین کو بھی نوٹس لینا چاہئے اور عوام سے کروڑوں روپے ہتھیانے والوں ابرار خان آف گولڑہ٬ خالد محمود بھٹی اور جاوید ترابی وغیرہ سے یہ لوٹی ہوئی رقم واپس دلوانی چاہئے۔ متاثرین نے پریس کانفرنس میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے بھی مداخلت کی درخواست کی اور الزام لگایا کہ اسلام آباد کا ضلعی امیر کھل کر ملزمان کی پشت پناہی کر رہا ہے جو کرپشن سے پاک جماعت اسلامی کو داغدار کرنے کے مترادف ہے لہٰذا یہ جماعت کے اپنے مفاد میں ہے کہ ایسے لوگوں کا احتساب کیا جائے۔

کمیونٹی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری حبیب عباسی نے کہا کہ ملزمان نے ہمیں جو راستے دکھا کر کروڑوں روپے کی جائیدادیں ہمیں فروخت کیں لیکن آج وہی ڈیلرز ان راستوں کو بند کرانا چاہتے ہیں اور راستوں پر سٹے آرڈر لے رہے ہیں٬ ان کا عوام اب احتساب کرنے پر مجبوراً نکلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ نام نہاد سوسائٹی مالکان آئے دن ہم پر عدالتوں میں مقدمہ بازی کرکے ہمیں کچہری کلچر میں پھنسانا چاہتے ہیں اور ان کو پوچھنے والا کوئی نہیں۔

پریس کانفرنس میں لینڈ مافیا کے جرائم پر مشتمل ایک پمفلٹ بھی میڈیا نمائندگان میں تقسیم کیا گیا۔ پریس کانفرنس میں حافظ خبیب٬ محمد زاہد قریشی٬ نعیم خان٬ حمید نواز خان٬ ظفر اقبال٬ ڈاکٹر نبیل شاہ٬ حق نواز جدون٬ ڈاکٹر سہیل امجد٬ محمد اشفاق٬ نوید مدثر کے علاوہ متاثرین کی خواتین اور بچے بھی شریک ہوئے۔

متعلقہ عنوان :