حکومت پنجاب نے زرعی آمدن پر انکم ٹیکس کی وصولی کو روکنے کے احکامات جاری کردیئے ‘ڈاکٹر فرخ جاوید

کسانوں کا دیرنیہ مطالبہ منظور٬ صوبہ بھر سے کسانوں کو معاشی ریلیف ملے گا‘صوبائی وزیر زراعت کی کسانوں کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو

بدھ 26 اکتوبر 2016 20:03

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اکتوبر2016ء) صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کسانوں کو معاشی ریلیف فراہم کرنے اور زرعی پیداواری لاگت میں اضافہ کے لئے ہر ممکن قدم اٹھا رہی ہے ٬کسانوں سے زرعی انکم ٹیکس کی وصولی کو روک دیا گیا ہے جس سے صوبہ بھر سے کسانوں کو معاشی ریلیف ملے گا ٬ پنجاب حکومت نے زرعی انکم ٹیکس کی وصولی روکنے کے حوالے سے محکمہ مال اور فیلڈ افسران کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں- ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرح جاوید نے کسانوں کے وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا -انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر سے کسانوں کو زرعی انکم ٹیکس کی وصولی اور طریقہ کار میں خرابیوں کے حوالے سے شکایات موصول ہو رہی تھی اس سلسلے میں حکومت پنجاب نے کسانوں پر سے معاشی بوجھ کم کرنے کے لئے فوری زرعی انکم ٹیکس کی وصولی کو روک دیا ہے - صوبائی وزیر نے کہا کہ جس طرح 100ارب روپے کے کسان پیکج سے 5 لاکھ سے زائد کسانوں کو بلا سود زرعی قرضے فراہم کئے جا رہے ہیں اسی طرح زرعی انکم ٹیکس کی وصولی روکنے سے کسانوں کے معاشی بوجھ میں کمی ہو گی -انہوں نے کہا کہ زرعی آمدن پر انکم ٹیکس کی وصولی کو روکا گیا ہے جبکہ زرعی زمینوں پر وصولی معمول کے مطابق رہے گی -صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت پنجاب کسانوں کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کے لئے تیار ہے -وفد سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فرخ جاوید نے کہا کہ زرعی قرضوں کی رجسٹریشن کے عمل کو 15 نومبر تک جاری ہے - جبکہ قرضوں کی تقسیم جلد شروع کر دی جائے گی- وفد کے اراکین نے صوبائی وزیر کو زرعی ٹیکس کی وصولی کو روکنے پر شکریہ ادا کیا -کسان نمائندگان کا کہنا تھا کہ زرعی آمدنی پر ٹیکس کے خاتمے سے کسانوں کو ماہانہ بنیادوں پر معاشی ریلیف ملے گا۔

متعلقہ عنوان :