اسلام آباد کا احتجاج پر امن ہے پولیس گرفتار یاں اور کارکنوں کو ہراساں کر کے حالات خراب نہ کرے‘محمود الرشید

احتجاج قانون کے مطابق پرامن اور ملک کے تحفظ ٬ سلامتی٬ احتساب اور آئندہ آنے والی نسل کو کرپشن فری پاکستان دینے کیلئے ہے

بدھ 26 اکتوبر 2016 20:03

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اکتوبر2016ء) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الر شید کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کا احتجاج پر امن ہے پولیس گرفتار یاں اور کارکنوں کو ہراساں کر کے حالات خراب نہ کرے۔ آئی جی پنجاب کے نام خط میں میاں محمود الر شید نے کہا کہ تحریک انصاف پاکستان کی بڑی سیاسی ہے اور اس نے ہمیشہ عوامی حقوق کی پر امن جدو جہد کی اور اب بھی تحریک انصاف نے دو نومبر کو اسلام آباد دھرنے کی کال دے رکھی ہے جس کے بارے میں عام تاثر یہ ہے کہ پولیس ہمارے کارکنوں کو حراست میں لینے کا ارادہ رکھتی ہے لیکن میں آپ پر واضح کرنا چاہتے ہیں کہ ہمارا احتجاج قانون کے مطابق پرامن اور ملک کے تحفظ ٬ سلامتی٬ احتساب اور آئندہ آنے والی نسل کو کرپشن فری پاکستان دینے کیلئے ہے ۔

(جاری ہے)

عدالتی فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے میاں محمود الر شید نے کہا کہ ماضی میں بھی لاہور ہائیکورٹ کے معزز ججوں قائم مقام چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس شاہد حمید ڈار ٬ جسٹس انوار الحق اور جسٹس قاسم خان پر مشتمل تین رکنی بینچ تیس ستمبر کو رائے و نڈ اڈا پلاٹ کے مقام پر پرامن احتجاج اجازت دے چکا ہے۔ اس ضمن میں یہ حکم بھی جاری کیا گیا تھا کہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ نہ صرف شہریوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ کرے بلکہ احتجاج میں شرکت کرنے والے کارکنوں کو ہراساں یا گرفتار نہ کیا جائے۔

حکمران جماعت کے ایما پر تحریک انصاف کے اہم رہنمائوں اور کارکنوں کی پکڑ دھکڑ کے حوالے سے تیار کی جانے والی فہرستیں اور پولیس پر گرفتار یوں کے حوالے سے ڈالا جانے والا دبائو نہ صرف افسوسناک بلکہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ آئین کا حوالہ دیتے ہوئے میاں محمود الر شید نے کہا کہ آئین پاکستان کے آرٹیکل 19 کے مطابق ہر شہری کو آزادی اظہار رائے کی مکمل آزادی ہے٬ پاکستان تحریک انصاف امید کرتی ہے کہ محکمہ پولیس کے فرض شناس افسر و اہلکار سیاسی دبائو کو بالا طاق رکھتے ہوئے اپنے پیشہ وارانہ امور سر انجام دے گی۔

امید ہے پنجاب پولیس اپنی ذمہ داریوں کو نبھاتے ہوئے نہ صرف سیاسی کارکنوں کی بلا جواز گرفتار یوں اور انہیں ہراساں کرنے سے باز رہے گی بلکہ ان کے جان و مال کا تحفظ بھی یقینی بنائے گی۔