خواتین اور بچوں کی فلاح و بہبود کیلئے دن رات کوشاں ہیں ٬شمیم ممتاز

بدھ 26 اکتوبر 2016 19:53

ٹنڈوالہ یار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اکتوبر2016ء)صوبائی وزیر برائے محکمہ سماجی بہبود سندھ شمیم ممتاز نے کہا ہے کہ محکمہ سماجی بہبود خواتین اور بچوں کی فلاح و بہبود کیلئے دن رات کوشاں ہے اس سلسلے میں محکمہ کے تحت صوبے بھر میں بے سہارا خواتین کو پناہ دینے کیلئے دارالامان ٬ سیف ہائوسز٬ اسٹریٹ چلڈرن ٬ بے سہارا بچے جو کھوجاتے ہیں انہیں اپنے والدین سے ملانے کے علاوہ معذور بچوں کی فلاح و بہبود کیلئے موئثر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج ضلع ٹنڈوالہیار کے دورے کے دوران ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ سماجی بہبود کے دفتر کا معائنہ کرنے کے موقع پر دستکاری مرکز اور بیوٹیشن مرکز کا دورہ کرنے کے بعد مقامی صحافیوں سے بات چیت کے دوارن کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے تمام وزراء کو ہدایت دی ہے کہ ہر وزیر اپنے اپنے محکمے کی کارکردگی معلوم کرنے اور دیگر سہولیات فراہم کرنے کیلئے ہر ضلع میں جاکر محکمے کی کارکردگی کا جائزہ لیںتاکہ محکمے میں اسٹاف کی کمی اور سہولیات کی فراہمی کو ممکن بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ سماجی بہبود میں کوشش کی جا رہی ہے کہ افسران کے پاس جس ضلع کا ڈومیسائیل ہے انہیں اس ضلع میں تعینات کیا جائے تاکہ افسران کو کام کرنے میں آسانی فراہم ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع ٹنڈوالہیارمیںمحکمہ سماجی بہبود کے تحت جو این جی اوز رجسٹرڈ ہیں انہیں چاہئے کہ وہ عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کام کریں۔ صوبائی وزیر نے کوئٹہ میں ہونے والے سانحے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا بعد میں صوبائی وزیر نے محکمہ سماجی بہبود کے افسران کے ساتھ اجلاس منعقد کرکے انہیں ہدایت کی کہ ضلع بھر کے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے اپنی تمام تر کوششیں بروئے کار لائیں اور اپنی ڈیوٹیاں ایمانداری اور فرائض کے ساتھ سر انجام دیں۔

اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ سماجی بہبود ٹنڈوالہیار محترمہ غزالہ یاسمین٬ اسسٹنٹ کمشنر تعلقہ جھنڈومری محبوب علی سیال٬ ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ اطلاعات ٹنڈوالہیار شفیق حسین میمن٬ محکمہ سماجی بہبودٹنڈوالہیار کے افسران جن میں رئیس احمد خانزادہ٬ محترمہ اسماء ناز٬ زوہیب خانزادہ و دیگر موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے تمام افسران سے کہا کہ وہ ضلع بھر میںخواتین اور بچوں کو کمپیوٹر کی تعلیم سکھانے ٬ الیکٹریشن کا کام سکھانے اور زراعت پیشہ خواتین کو زراعت کے متعلق تربیت فراہم کرنے کیلئے کوششیں کریں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ ضلع ٹنڈوالہیار میں معزور بچوں کیلئے بھی ایک سینٹرکھولاجائے۔ انہوں نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ ضلع ٹنڈوالہیار میں بچوں کے عالمی دن کے موقع پر جو 20 نومبر 2016 کو ملک بھر میں منایا جائیگا۔ اس ضمن میں ضلع ٹنڈوالہیار میں17 نومبر 2016 سے دس دن تک بچوں کی فلاح و بہبود کیلئے مختلف پروگرامز منعقد کئے جائیں جبکہ کراچی میں یونیسیف کے تعاون سے بچوں کا عالمی دن منایا جائیگا۔انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ ضلع میں جاری قومی پولیو مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ نونہال بچے اس موذی مرض سے چھٹکارہ پا سکیں۔