بزدل حکمرانوں کو شہیدوں کاجنازہ پڑھنے کاحق نہیں٬پیپلز پارٹی رہنمااشرف بھٹی

بدھ 26 اکتوبر 2016 19:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 اکتوبر2016ء)پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کے مرکزی رہنما محمد اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ بزدل حکمرانوں کو شہیدوں کاجنازہ پڑھنے کاحق نہیں۔جس حکمران کی زبان پردشمن کانام تک نہیں آتا وہ اس کامقابلہ کیا خاک کرے گا۔ پاکستان میں سرگرم دہشت گردوں کوہمارے فطری دشمن کاآشیربادحاصل ہے ٬دشمن سے کچھ بعید نہیں مگرحکمرانوں کی مجرمانہ خاموشی ناقابل برداشت ہے۔

مگر مچھ کے آنسو بہانے والے حکمران عوام کے ہمدردنہیں ہوسکتے۔جہاں بھی کوئی سانحہ رونماہوا پیپلزپارٹی کی قیادت غمزدہ خاندانوں کی اشک شوئی کیلئے آگے آئی جبکہ حکمران اپنے قلعہ نما محلات سے باہرنہیں نکلتے ۔ حکمرانوں میں ملک اورعوام کی حفاظت کرنے کی قابلیت نہیں ۔

(جاری ہے)

وہ نادرآباد میں سانحہ کوئٹہ کے شہیدوں کے درجات کی بلندی کیلئے اجتماعی دعا میں شریک شہریوں سے خطاب کررہے تھے ۔

محمداشرف بھٹی نے مزید کہا کہ پاکستان کونڈرقیادت کی اشد ضرورت ہے جو قائدعوام ذوالفقارعلی بھٹو شہید اوربینظیر بھٹو شہید کی طرح دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کربات کرے ۔قائدعوام ذوالفقارعلی بھٹو شہید اوربینظیر بھٹو شہید کے مشن کی تکمیل کیلئے چاروں صوبوں کے عوام آصف علی زرداری اور بلاول بھٹوکابھرپورساتھ دیں۔ بیرونی خطرات کوکچلنا ہے تواس کیلئے اندرونی خطرات کاسدباب کرناہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نااہل حکمرانوں کی ترجیحات کچھ اورہیں جوپاکستان کودرپیش چیلنجز سے مطابقت نہیں رکھتیں۔پیپلزپارٹی کی قیادت کومادر وطن کیلئے جام شہادت نوش کرنے کااعزازحاصل ہے ٬وطن عزیز اورہم وطنوں سے محبت ہم سے زیادہ کوئی نہیں کرسکتا ۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی مادروطن کامستقبل ہے ٬تعمیروطن کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔