شیخ رشید کو لال حویلی نہیں اس کے ساتھ منسلک جگہ خالی کرنے کا نوٹس جاری کیا ‘ صدیق الفاروق

وہ ناجائز قبضہ کیے ہوئے ہیں ٬ان میں 5 مرلے کا ہال اور 6 دکانیں شامل ہیں ٬ دکانوں کے کرایہ داروں کو بھی جبری نکال دیا‘ شیخ رشید اور ان کے بھائی نے جگہ الاٹ کرنیکی درخواست بھی دی ٬اسے مسترد کیاجا چکا ہے‘ شیخ رشید کے زیر قبضہ کروڑوں روپے کی سرکاری زمین ہے ٬اس پر پرویز مشرف کے دور میں اقتدار کے نشے میں قبضہ کیا گیا٬ اسے خالی کرانا ہو گا‘چیئر مین متروکہ وقف املاک بورڈ کی میڈیا سے گفتگو متروکہ وقف املاک بورڈ نے لال حویلی میں میر ی رہائش کو ناجائز قبضہ قرار دیا ہے ‘حکومت اوچھے ہتھکنڈووں پر اتر آئی ہے اور خوفزدہ ہو کر اپنے لئے خود مسائل پیدا کر رہی ہے‘‘ پش اپس سے ڈرنے والی حکومت میں لال حویلی خالی کرانے کی ہمت نہیں‘(آج )پر یس کا نفر نس کروں گا ‘شیخ رشید احمدکا ردعمل

بدھ 26 اکتوبر 2016 19:43

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 اکتوبر2016ء) چیئرمین مترکہ وقف املاک بورڈ صدیق الفاروق نے کہا ہے کہ شیخ رشید کو لال حویلی نہیں بلکہ اس کے ساتھ منسلک جگہ خالی کرنے کا نوٹس جاری کیا ہے جس پر وہ ناجائز قبضہ کیے ہوئے ہیں جبکہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے دعویٰ کیا کہ متروکہ وقف املاک بورڈ نے لال حویلی میں ان کی رہائش کو ناجائز قبضہ قرار دیتے ہوئے اسے 15 دن میں خالی کرنے کا نوٹس جاری کیا ہے لیکن لال حویلی میری ہے اور میرا جنازہ بھی لال حویلی سے ہی نکلے گا۔

بدھ کے روز میڈیا سے گفتگو میں صدیق الفاروق نے کہا کہ شیخ رشید نے لال حویلی سے منسلک متروکہ وقف املاک بورڈ کی جگہ پر قبضہ کیا ہماری جگہ ناجائز طور پر حویلی میں شامل کی گئی٬ ان کے زیر قبضہ ہال اور کمرے ناجائز ہیں‘شیخ رشید نے 10 مرلے پر ناجائز قبضہ کیا ہوا ہے جن میں 5 مرلے کا ہال اور 6 دکانیں شامل ہیں اور دکانوں کے کرایہ داروں کو بھی جبری نکال دیا جبکہ شیخ رشید اور ان کے بھائی نے جگہ الاٹ کرنیکی درخواست بھی دی جسے مسترد کیاجا چکا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شیخ رشید کے زیر قبضہ کروڑوں روپے کی سرکاری زمین ہے جس پر پرویز مشرف کے دور میں اقتدار کے نشے میں قبضہ کیا گیا٬ اسے خالی کرانا ہو گا’ متروکہ وقف املاک بورڈ کے ایڈمنسٹریٹر نے پارلیمینٹ کے دئیے اختیارات کے مطابق فیصلہ سناتے ہوئے اس قبضہ کو ناجائز قرار دیا ہے۔قبل ازیں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا تھا کہ متروکہ وقف املاک بورڈ نے لال حویلی میں ان کی رہائش کو ناجائز قبضہ قرار دیتے ہوئے اسے 15 دن میں خالی کرنے کا نوٹس جاری کیا ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ حکومت اوچھے ہتھکنڈووں پر اتر آئی ہے اور خوفزدہ ہو کر اپنے لئے خود مسائل پیدا کر رہی ہے‘ پش اپس سے ڈرنے والی حکومت میں لال حویلی خالی کرانے کی ہمت نہیں اور اگر ہمت ہے تو خالی کرا کر دیکھ لیں۔ حکومت 2 نومبر سے توجہ ہٹانے کیلئے ایسے اقدامات کر رہی ہے لیکن اب صرف اسلام آباد ہی نہیں راولپنڈی بھی بند کریں گے اور آج (جمعرات) ایک پریس کانفرنس میں راولپنڈی بھی بند کرنے کا اعلان کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت یہ فیصلہ 2 نومبر کے بعد بھی دے سکتی تھی لیکن یہ چاہتے ہیں کہ جان بوجھ کر ہنگامے ہوں اور ہمیں دہشت گرد کہا جا سکے۔