وفاقی وزراء سعد رفیق اور میرحاصل بزنجو کی قومی وطن پارٹی اور اے این پی کے رہنمائوں سے ملاقات٬ تحریک انصاف کے احتجاج و دھرنے کے خلاف حکومت کا ساتھ دینے کی درخواست

پانامہ لیکس کا معاملہ سپریم کورٹ میں زیرسماعت ہے٬احتجاج کا کوئی جواز نہیں بنتا٬احتجاج ملکی ترقی کے خلاف ہے٬ حکومتی وفد

بدھ 26 اکتوبر 2016 19:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 اکتوبر2016ء) وفاقی وزراء خواجہ سعد رفیق اور میرحاصل بزنجو نے قومی وطن پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی کے رہنمائوں سے ملاقات کرکے تحریک انصاف کے احتجاج و دھرنے کے خلاف حکومت کا ساتھ دینے کی درخواست کردی٬حکومتی وفد نے کہا کہ پانامہ لیکس کا معاملہ سپریم کورٹ میں زیرسماعت ہے٬احتجاج کا کوئی جواز نہیں بنتا٬احتجاج حکومت نہیں ملک کی تعمیر و ترقی کے خلاف ہے۔

غلام احمد بلور نے کہا کہ جمہوری نظام کو کسی صورت کمزور نہیں ہونے دیں گے۔تفصیلات کے مطابق بدھ کو وفاقی وزراء خواجہ سعد رفیق اور میرحاصل بزنجو نے قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد شیرپائو سے ملاقات کی۔جس میں ملکی سیاسی صورتحال اور تحریک انصاف کے دھرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا٬حکومتی وفد کی طرف سے دھرنے کے خلاف حکومت کا ساتھ دینے کی درخواست کی گئی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزراء کا کہنا تھا کہ احتجاج کرنے والوں کا ایجنڈا ملکی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنا ہے٬پانامہ کا معاملہ سپریم کورٹ میں زیرسماعت ہے٬احتجاج کا کوئی جواز نہیں٬احتجاج حکومت نہیں ملک کی تعمیر و ترقی کے خلاف ہے٬ترقی کی موجودہ رفتار برقرار رکھنے کیلئے سیاسی استحکام ضروری ہے۔حکومتی وفد نے اے این پی کے رہنمائوں سے افرسیاب خٹک کی رہائش گاہ پر ملاقات کی جس میں غلام احمد بلور نے کہا کہ ہم جمہوریت کے ساتھ ہیں٬جمہوری نظام کو کسی صورت کمزور نہیں ہونے دیں گے۔(خ م)