دہشت گردی کے خلاف چاروں صوبے متحد ہیں ٬ سید مراد علی شاہ

دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں کامیابی ضرور حاصل کریں گے٬سندھ حکومت زخمی ہونے والوں کے علاج معالجے کیلئے ہر تعاون کرنے کو تیارہے٬ وزیراعلیٰ سندھ کی صحافیوں سے بات چیت

بدھ 26 اکتوبر 2016 19:33

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اکتوبر2016ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف چاروں صوبے متحد ہیں دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں کامیابی ضرور حاصل کریں گے سانحہ کوئٹہ دلخراش واقعہ ہے سندھ حکومت زخمی ہونے والوں کے علاج معالجے کیلئے ہر تعاون کرنے کو تیارہے۔یہ بات انہوں نے بدھ کو کوئٹہ کے دورے کے موقع پر گزشتہ روز پولیس ٹریننگ سینٹر پر دہشت گردوں کے حملے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کی سول ہسپتال میں عیادت کے موقع پرصحافیوںسے بات چیت کرتے ہوئے کہی اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری اس موقع پر صوبائی وزیر صحت میررحمت صالح بلوچ٬صوبائی وزیر واسا نواب ایاز خان جوگیزئی ٬سندھ کے صوبائی وزیرنثار کھوڑو ٬ارکان صوبائی اسمبلی نصراللہ زیرے٬غلام دستگیر بادینی اور پیپلز پارٹی بلوچستان کی کوارڈی نیشن کمیٹی کے ممبر وسابق صوبائی وزیر حاجی علی مدد جتک بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پولیس ٹریننگ کالج حملے میں شہید اورزخمی ہونے والوں کے ساتھ یکجہتی کیلئے خصوصی طور پر بلوچستان آیا ہوں اس واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے میں حکومت سندھ کی جانب سے یقین دلاتا ہوں کہ زخمیوں کے علاج معالجے میں ہرممکن تعاون کو تیار ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ملک دہشت گردی کی لہر سے گزررہا ہے دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں چاروں صوبے یکجا ہیں دہشت گردی کے خلاف کوئی جماعت مذہب یا علاقہ آڑے نہیں آئے گا ہم سب ملکر دہشت گردوں کا مقابلہ کریں گے اورانہیں شکست دیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائی میں ہرممکن وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا اورانہیں نیست و نابود کردیا جائے گا وزیراعلیٰ سندھ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ خانپورواقع میں دہشت گرد بلوچستان سے آئے تھے جیسے ہی اطلاع ملی کہ دہشت گرد بلوچستان کے راستے سے آئے تھے میں نے فوراً وزیراعلیٰ بلوچستان سے رابطہ کیا اور انہوں نے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی واقعہ کے بعد سے سندھ اور بلوچستان کی پولیس ملکر بارڈر ایریا پر دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کر رہی ہے جبکہ مستقبل میں کسی قسم کے بھی تعاون سے گریز نہیں کیا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :