کوئٹہ ٬ْ قومی سلامتی کے مشیر سے امریکی سفیر کی ملاقات ٬ْ بھارتی اور افغانستان کی خفیہ ایجنسیوں کے دہشتگردوں سے رابطہ بارے آگاہ کیا

این ڈی ایس اور راء کی قیادت میں افغانستان میں قائم دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو توڑنے کی ضرورت ہے ٬ْپاکستان لیس ٹریننگ سینٹر کوئٹہ میں حملہ کرنے والے دہشت گرد مسلسل افغانستان میں اپنی قیادت کے ساتھ رابطہ میں تھے ٬ْ ناصر خان جنجوعہ

بدھ 26 اکتوبر 2016 19:28

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اکتوبر2016ء) پاکستان نے کوئٹہ میں دہشتگردانہ حملے میں بھارتی اور افغانستان کی خفیہ ایجنسیوں کے دہشتگردوں سے رابطہ بارے امریکہ کو آگاہ کردیا ۔قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ سے امریکہ کے سفیر ڈیوڈ ہیل نے ملاقات کی جس میں پولیس ٹریننگ کالج کوئٹہ میں دہشت گردی کے حملہ٬ انسداد دہشت گردی آپریشن اور کراس بارڈر حملوں کے امور زیر غور آئے۔

امریکہ کے سفیر ڈیوڈ ہیل نے پولیس ٹریننگ کالج کوئٹہ میں دہشت گردی کے حملہ کی شدید مذمت کی اور اس ضمن میں ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی۔ قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ نے قومی ایکشن پلان کے ذریعہ پاکستان کی مجموعی سکیورٹی کو بہتر بنانے کی کوششوں کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے این ڈی ایس اور راء کی قیادت میں افغانستان میں قائم دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو توڑنے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے بتایا کہ پولیس ٹریننگ سینٹر کوئٹہ میں حملہ کرنے والے دہشت گرد مسلسل افغانستان میں اپنی قیادت کے ساتھ رابطہ میں تھے٬ پاکستان کو اس حوالہ سے امریکہ کے تعاون کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن پاکستان میں امن سے براہ راست منسلک ہے٬ افغانستان میں سیاسی مصلحت خطہ میں امن قائم کرے گی۔ امریکہ کے سفیر نے قومی سلامتی کے مشیر کو افغانستان میں سکیورٹی صورتحال کو بہتر بنانے کے حوالہ سے امریکہ کے اقدامات سے آگاہ کیا۔