سودی نظام کا خاتمہ بنی نوع انسان کے بینکار خاندانوں سے نجات کا باعث ہو گا‘ ڈاکٹر مجاہد کامران

دنیا میں فساد کی اصل وجہ ارتکاز زر یعنی دولت کا چند ہاتھوں میں سمٹ جانا ہے جس کی بنیادی وجہ سود کا نظام ہے‘وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی

بدھ 26 اکتوبر 2016 19:28

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اکتوبر2016ء) پنجاب یونیورسٹی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مجاہد کامران نے کہا ہے کہ سودی نظام کا خاتمہ بنی نوع انسان کے بینکار خاندانوں سے نجات کا باعث ہو گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب یونیورسٹی ہیلی کالج آف بینکنگ اینڈ فنانس کے زیر اہتمام نئے داخل ہونے والے طلباء طالبات کے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں شرکاء سے کیا۔

اس موقع پر رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر لیاقت علی٬ کالج پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر مبشر منور خان٬ پرنسپل لاء کالج ڈاکٹر شازیہ نورین قریشی٬ پرنسپل ہیلی کالج آف کامرس پروفیسر ڈاکٹر حسن مبین عالم ٬ فیکلٹی ممبران اور طلبائو طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مجاہد کامران نے کہا کہ دنیا میں فساد کی اصل وجہ ارتکاز زر یعنی دولت کا چند ہاتھوں میں سمٹ جانا ہے جس کی بنیادی وجہ سود کا نظام ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے طلبہ کو ہدایت کی کہ وہ سود کے نظام کا متبادل تلاش کریں۔ ڈاکٹر مجاہد کامران نے کہا کہ دنیا میں فساد کی صرف 2 وجوہات ہیں کہ امریکہ اور برطانیہ کی حکومتی نظام اور لیڈرشپ پر ارتکاز زر کی وجہ سے چند مالدار خاندانوں کا قبضہ ہے اور دوسرا دنیا کے ڈیڑھ ارب مسلمانوں کا نئے علم کی تخلیق میں حصہ نہ ہونا ہے۔اور انہی دو مسائل کی وجہ سے دنیا عدم استحکام کا شکار ہے۔

انہوں نے کہا کہ 95 فیصد امریکی میڈیا صرف 6 کارپوریشنز کی ملکیت ہے جس کی وجہ سے میڈیا کے اعلیٰ ادارے ایسی کوئی بات شائع یا نشر نہیں کرتے جو ان کے مفاد کے خلاف ہو۔ انہوں نے کہا کہ دنیا اپنے جی ڈی پی کا اوسطًً 5 فیصد تعلیم پر خرچ کرتی ہے جبکہ پاکستان کا کل جی ڈی پی تقریباًً 250 ارب ڈالر ہے جبکہ صفر اعشاریہ ایک فیصد کی قلیل رقم آر اینڈ ڈی پر خرچ کی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے اور اس کی عساکر مضبوط ہیں اسی وجہ سے آج ہم آزادی کی سانس لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں ہونے والے حالیہ حملے کے پیچھے را ملوث ہے جو خطے میں دہشت گردی پھیلانا چاہتا ہے۔پرنسپل ہیلی کالج آف بینکنگ اینڈ فنانس پروفیسر ڈاکٹرمبشر منور خان نے نئے داخل ہونے والے طلبہ کو خوش آمدید کرتے ہوئے کالج کی ترقی پر روشنی ڈالی۔ بعد ازاں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مجاہد کامران نے بینکنگ ٬ انشورنس اور بزنس مینجمنٹ جرنل ٬جوکالج پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر مبشر منور خان کی کاوش ہے اور کالج کے زیر اہتمام دسمبر میں شیڈول انٹرنیشنل کانفرنس کے بعد شائع کیا جائے گا٬کا افتتاح کیا۔