پنجاب ایگری کلچر فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کے تحت ڈی ٹی ایل لاہور کاپرفارمنس آڈٹ مکمل

فوڈ ٬ ڈرگزاور فرٹیلائزرز لیبارٹریوں کیلئے ٹھوکر نیاز بیگ لاہور میں ’’پنجاب سائنس انکلیو‘‘ قائم کیا جائے گا ‘اے سی ایس پنجاب

بدھ 26 اکتوبر 2016 19:28

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اکتوبر2016ء) ڈرگ ٹیسٹنگ کے شعبے میں اپنی نوعیت کے واحد بین الاقوامی شہرت یافتہ برطانوی ادارے’’ ایل جی سی ‘‘ کی جانب سے ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری لاہور کا پرفارمنس آڈٹ کرنے کے لئے لاہور کے دورہ پر آئے ہوئے برطانوی ماہرین فلپ سٹیفورڈ اور ایلن ہینڈلے نے آج اے سی ایس کانفرنس روم سول سیکرٹریٹ لاہور میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب شمائل احمد خواجہ سے ملاقات کی -ڈائریکٹر جنرل پنجاب فرانزک سائنسز ایجنسی ڈاکٹر اشرف طاہر اور محکمہ صحت کے سینئر افسران بھی موجود تھے -ایل جی سی کے ماہرین نے بتایا کہ انہوں نے ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری لاہور کی انٹیرم آڈٹ رپورٹ تیار کر لی ہے جو 27 - اکتوبر کو وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کو پیش کر دی جائے گی-ایڈیشنل چیف سیکرٹری شمائل احمد خواجہ نے اس موقع پر ایل جی سی کے وفد کو بتایا کہ پنجاب ایگریکلچر٬ فوڈ اینڈ ڈرگز اتھارٹی کے تحت اشیائے خوردنی ٬ادویات اور فرٹیلائزرزٹیسٹ کرنے والی تین نئی جدید ترین لیبارٹریز پر مشتمل کمپلیکس کا تعمیراتی کام جلد شروع کیا جا رہا ہے - اس کمپلیکس کو ’’پنجاب سائنس انکلیو‘‘(Punjab Science Enclave )کا نام دے دیا گیاہے جو ٹھوکر نیاز بیگ لاہور میں64کنال اراضی پر پھیلی ہوئی پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی سے ملحقہ 20کنال سرکاری اراضی پرمشتمل ہو گا- پنجاب سائنس انکلیو میںنئے سائنسدانوں کی سلیکشن کے بعد انہیں ڈرگز ٬ فوڈ اور فرٹیلائزرز کی تینوںنئی ٹیسٹنگ لیبارٹریوں میں تعیناتی کرنے کے سلسلہ میںبین الاقوامی جریدوں میں اشتہار شائع کروائے گئے تھے - انٹرویوز کا عمل مکمل کرنے کے بعد یہ حقیقت سامنے آئی ہے کہ مطلوبہ تعلیمی قابلیت اور تدریسی تجربے والے اکیڈیمیشنز تو دستیاب ہیں لیکن مطلوبہ عملی تجربہ رکھنے والے نامور سائنسدان اور سائنسی پریکٹیشنرزفی الحال دستیاب نہیں - شمائل احمد خواجہ نے کہا کہ پیفڈا رجیم کے تحت ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری ٬ فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری اور فرٹیلائزرز ٹیسٹنگ لیبارٹری کے ڈائریکٹرز کے انتخاب میں عالمی معیار سے کم قابلیت اور عملی تجربہ قابل قبول نہیں ہے٬ اس لئے عالمی معیار کے سائنسی پریکٹیشنرز کی تین آسامیوںکیلئے امریکہ ٬یورپ اور کینیڈا کے سائنسی جرائد میں دوبارہ اشتہارات شائع کروائے جا رہے ہیں- ڈاکٹر اشرف طاہر نے اس موقع پر بتایا کہ پیفڈا میں تعیناتی کے لئے مقامی طور پر منتخب کئے گئے 16 جونیئر سائنٹسٹس اور 8سینئر سائنٹسٹس کی ٹریننگ کا عمل جاری ہے اور15 نومبر کو ایل جی سی لندن میں ڈرگ ٹیسٹنگ کا 6 ماہ پر مشتمل تربیتی کورس جوائن کرنے کے لئے 2 پاکستانی سائنسدانوں کو برطانیہ روانہ کیا جا رہا ہے -ایل جی سی کی جانب سے تھرڈ پارٹی پرفارمنس آڈٹ کرنے والی ٹیم نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری لاہور کا تفصیلی دورہ کرنے کے بعد وہ اس نتیجہ پر پہنچے ہیں کہ ڈی ٹی ایل لاہور اب ایک متاثر کن اور کوالٹی کے حوالے سے بہترین ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری میں تبدیل ہو چکی ہے -

متعلقہ عنوان :