صوبائی وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا کی زیر صدارت پنجاب سمال انڈسٹری کارپوریشن کی سٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس

ایس ایم ایز کے فروغ کے بغیر اکانومی کی ترقی ممکن نہیں بدقسمتی سے ہمارے ہاں یہی سیکٹر سب سے زیادہ نظر انداز ہو رہا ہے٬ تاہم اب اس پر کام کا آغاز کر دیا گیا ہے امید ہے وزیر اعلیٰ پنجاب کی ذاتی دلچسپی کی وجہ سے ہم بہت جلد صوبے میںچھوٹے اور درمیانے درجے کے انٹرپرائزرز کے لیے آسانیاں پیدا کر کے اپنے گروتھ ریٹ کو متعین کردہ ہدف تک لیجانے میں کامیاب ہو جائیں گے‘ عائشہ غوث پاشا

بدھ 26 اکتوبر 2016 19:27

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اکتوبر2016ء) صوبائی وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا کی زیر صدارت گزشتہ روز پنجاب سول سیکرٹریٹ فنانس ڈیپارٹمنٹ میں پنجاب سمال انڈسٹری کارپوریشن کی سٹیرنگ کمیٹی کا پہلااجلاس منعقد ہوا جس میں صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت چوہدری محمدشفیق ٬منتظم اعلیٰ پنجاب انسویسٹمنٹ بورڈ محمد ہارون شوکت ٬سیکرٹری انڈسٹری خالد شیر دل ٬مینیجنگ ڈائریکٹر پنجاب سمال انڈسٹریز کے علاوہ ٹیوٹا٬ایگریکلچر٬فنانس ٬پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کا مقصد صوبے میںحکومت پنجاب اور ترک کمپنی کے او ایس جی ای بی کے اشتراک سے میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے انٹرپرائزرز کے فروغ کے لیے لائحہ عمل ترتیب دینا تھا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سیکرٹری انڈسٹریز نے شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعلیٰ کے دورہ ترکی کے دوران کوس جیب کے صدر نے ان سے خصوصی ملاقات کی اور ان کے ساتھ پنجاب میںایس ایم ایز کی ڈویلپمنٹ کے لیے کام میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

جسے وزیر اعلیٰ کی جانب سے نہ صرف قبول کیا گیا بلکہ مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی گئی۔مارچ 2016 میںکے او ایس جی ای بی کے ایک وفد نے پاکستان کا دورہ کیا اور سمیڈا٬پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن ٬ٹیوٹا ٬پنجاب ووکیشنل ٹریننگ سینٹر٬پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ ڈیپارٹمنٹس کے ساتھ ورکشاپس کے بعد سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے ساتھ ایک ایم او یو سائن کیا جس کے مطابق ترک کمپنی مذکورہ تمام اداروں کے تعاون سے پنجاب میں ینگ انٹرپینیورز کاروبار سے متعلقہ معلومات٬تربیت اور وسائل کی فراہمی کے لیے اپنی خدمات فراہم کرے گی ۔

وزیر اعلیٰ کی تشکیل کردہ کمیٹی نے اپنی سمری منظوری کے لیے بھجوا چکی ہے ۔ پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے مینجنگ ڈائریکٹرنے اجلاس کو سمال اور میڈیم انٹرپرائزرزکے لیے تشکیل کردہ لائحہ عمل سے آگاہ کیا ۔ انہوں نے شرکاء کو بتایا کہ کارپوریشن نے کے او ایس جی ای بی کی معاونت سے اس پروگرام کو تین پلرز میں ترتیب دیا ہے جس میںانٹرپینیور ٹریننگ پروگرام ٬ بزنس انفارمیشن سینٹرز کا قیام اور کریڈٹ سپورٹ پروگرام شامل ہیںجس کے تحت آئندہ تین سال میں 9000انٹرپینیورز کو ٹرینڈ کیا جائے گا اور 14000سے زائد کو مالی معاونت دی جائے گی 1,440سینٹرز قائم کیے جائیں گے۔

ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا ایس ایم ایز کے فروغ کے لیے پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن اور کوس جیب کی کوششوں کو سراہا اورانھیں ہدایت کی کہ وہ پروجیکٹ کا پی سی ون تیار کریں اور پروگرام کی ای مانیٹرنگ کو یقینی بنائیںاورپنجاب آئی ٹی بورڈ لائیو سٹاک اور زراعت سمیت تمام متعلقہ محکموں کی مشاورت سے آگے بڑھیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایم ایز کے فروغ کے بغیر اکانومی کی ترقی ممکن نہیں بدقسمتی سے ہمارے ہاں یہی سیکٹر سب سے زیادہ نظر انداز ہو رہا ہے۔

تاہم اب اس پر کام کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ذاتی دلچسپی کی وجہ سے ہم بہت جلد صوبے میںچھوٹے اور درمیانے درجے کے انٹرپرائزرز کے لیے آسانیاں پیدا کر کے اپنے گروتھ ریٹ کو متعین کردہ ہدف تک لیجانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :