یو ایس ایڈ سندھ کے توانائی٬ صحت٬ تعلیم اور پانی کے شعبوں کے ساتھ مل کر کام کرے گا٬ صوبائی وزیر میر ہزار خان بجارانی

بدھ 26 اکتوبر 2016 19:27

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اکتوبر2016ء) صوبائی وزیر پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ میر ہزار خان بجارانی کی زیر صدارت اجلاس میں یو ایس ایڈ کے پانچ رکنی وفد نے شرکت کی۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یو ایس ایڈ کی مشن ڈائریکٹر اور ڈپٹی ڈائریکٹر نے سندھ اور امریکی حکومت کے تعاون سے تعلیم٬ صحت٬ پانی اور بجلی سے منسلک کئی پروجیکٹس پر بریفننگ دی۔

انہوں نے بتایا کہ میونسپل سروسز ڈیلیوری پروگرام٬ سندھ بیسک ایجوکیشن پروگرام اور یو ایس ایڈ کے دیگر پروجیکٹس سندھ میں تعلیم صحت اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی پر موثر کام کررہے ہیں۔ میر ہزار خان بجارانی نے امریکی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ امریکی حکومت نے صوبہ سندھ میں زندگی کے ہرشعبے میں تعاون کیا ہے۔

(جاری ہے)

وزیر پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ نے امریکی وفد کو بتایا کہ سندھ کے بہت سے دیہی علاقے پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں لہذٰا اس شعبے میں بھرپور تعاون کی ضرورت ہے۔

امریکی وفد نے پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ امریکی حکومت صوبہ سندھ میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی سے متعلق بہت سے منصوبوں پر کام کررہی ہے۔ میر ہزار خان بجرانی نے صوبے میں بجلی کی قلت کا ذکرکرتے ہوئے ونڈز اور سولر توانائی سے متعلق موجودہ صلاحیت سے آگاہ کیا۔ امریکی وفد نے توانائی کے شعبے میں بھی بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ اجلاس میں طے کیا گیا کہ یو ایس ایڈ اور سندھ حکومت کے تعاون سے ایک پروجیکٹ شروع کیا جائے گا جو صوبہ سندھ کے توانائی٬ صحت٬ تعلیم اور پانی کے شعبوں پر مل کر کام کرے گا۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری وسیم احمد اور پلاننگ وڈیولپمنٹ کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔