چیمبر کے پلیٹ فارم سے تاجروں کے حقوق کی آواز بلند کی جائے گی٬ راجہ عامر اقبال

بدھ 26 اکتوبر 2016 19:20

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اکتوبر2016ء)راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدرراجہ عامر اقبال نے کہا ہے کہ شہر میں تجارتی سرگرمیوں کی بحالی ہماری اولین ترجیح ہے ٬ تاجروں کے مسائل سے آگاہ ہیں تجاوزات٬ بورڈ ٹیکس ٬ سیلز ٹیکس اور پراپرٹی ٹیکس کے معاملات میں درپیش مسائل کے حل کے لیے چیمبر کے پلیٹ فارم سے آواز بلند کی جائے گی٬ تاجر تنظیمیں چیمبر کا اثاثہ ہیں ۔

اِن خیالات کا اظہار انہوں نے چوہدری اقبال اور شیخ صدیق کی قیادت میں آنے والے شہر کی مختلف مارکیٹوں کے تاجروں کے وفد سے ایک ملاقات کے دوران کیا جبکہ اس موقع گروپ لیڈر شیخ شبیر٬ سینئر نائب صدر راشد وائیں ٬ نائب صدر عاصم ملک ٬ سابق صدور ڈاکٹر حسن سروش٬علی رضا سعید٬ جاوید احمد بھٹی٬ اسد مشہدی ٬ میاں ہمایوں پرویزمجلس عاملہ کے اراکین٬ تاجر تنظیمیوں کے نمائندوں شرجیل میر٬ نوید کنول ٬ طاہر تاج بھٹی ٬ خواجہ مشتا ق ٬ شیخ شبیر٬ چوہدری شوکت٬ ناصر میر٬ انجم پرویز بھٹی٬ شیخ شکیل٬ چوہدری ارشد٬ فیاض قریشی٬ فیصل شہزاد٬ حاجی ارشد٬ یاسر مغل٬ اسد صدیقی٬ نصیب زادہ٬ پرویز بٹ و دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

صدر عامر اقبال نے کہا کہ چیمبر نے ہمیشہ مقامی تاجر تنظیموں کی آواز میں آواز ملائی ہے اور ان کے کسی بھی مسئلے کو اپنا مسئلہ سمجھا ہے اور مستقبل میں بھی تاجر و صنعتکار برادری کے مسائل حل کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی٬ چیمبر تمام کاروباری برادری کیلئے ایک پلیٹ فارم کی حیثیت رکھتا ہے جہاں سے اُن کے مسائل کو حکومتی سطح پر نہ صرف پہنچایا جاتا ہے بلکہ حل بھی کیا جاتا ہے۔

اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے چوہدری اقبال٬ شیخ صدیق اور دوسرے تاجر رہنماوںنے راجہ عامر اقبال اور دیگر عہدیداروں کواپنے عہدے کا چارج سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور نئی ٹیم کی صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ خطے کی تاجر برادری کے مسائل کے حل کیلئے چیمبراپنا بھرپور کردار ادا کرے گا ٬ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری کو یقین ہے کہ مستقبل میں بھی ان کے مسائل اسی جذبے کے ساتھ حل کئے جائیں گے۔ انہوں نے صدر چیمبر کو اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔