حکومت تمباکو کنٹرول پروگرام تیار کر رہی ہے ‘ پی سی ون پرکام جاری ہے ‘ پروگرام کی منظوری کے بعد اس پر پورے ملک میں عملدرآمد کرایا جائے گا٬سینٹ قائمہ کمیٹی کو قومی صحت کے حکام کی بریفنگ

بدھ 26 اکتوبر 2016 19:16

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 اکتوبر2016ء)سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قومی صحت کی ذیلی کمیٹی کو آگاہ کیا گیا ہے کہ حکومت تمباکو کنٹرول پروگرام تیار کر رہی ہے ‘ پی سی ون پرکام جاری ہے ‘ پروگرام کی منظوری کے بعد اس پر پورے ملک میں عملدرآمد کرایا جائے گا۔ بدھ کو قائمہ کمیٹی کا اجلاس کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر نعمان وزیر کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں سینیٹر اشوک کمار ‘ سیکرٹری وزارت قومی صحت ‘ چیئرمین پاکستان ٹوبیکو بورڈ اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں انسداد تمباکو نوشی اور تحفظ صحت نان لوگرز بل 2016ء پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ کمیٹی کے چیئرمین نعمان وزیر نے کہا کہ ایف بی آر کو اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے ٹیکس سٹمپ سسٹم پر کام کرے۔

(جاری ہے)

سیکرٹری صحت نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ نیشنل ٹوبیکو کنٹرول پروگرام کے پی سی ون پر کام جاری ہے۔

چیئرمین پاکستان ٹوبیکو کنٹرول پروگرام نے کہا کہ ان کے بورڈ کو بھی کام کرنے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ نعمان وزیر نے پاکستان ٹوبیکو کمپنی کی جانب سے سفارشات پیش کرنے پر برہمی کا اظہار کیا۔ کمپنی نے یقین دہانی کرائی کہ وہ ایک ہفتے میں اپنی سفارشات کمیٹی کو پیش کر دیں گے۔ ذیلی کمیٹی آئندہ اجلاس تک بل پر اپنی رپورٹ تیار کر لے گی۔ …(رانا+ع ع)