عالمی سطح پر آنکھوں کے علاج کے کیمپ لگامنے میں حاجی محمد حنیف طیب کی سرپرستی حاصل ہے ٬ عبدالرزاق ساجد

بدھ 26 اکتوبر 2016 19:13

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 اکتوبر2016ء) المصطفی ویلفیئر ٹرسٹ (یو کی)'' کے چیئرمین عبدالرزاق ساجد نے کہا ہے کہ ہماری تنظیم کا اول و آخر مقصد اور نصب العین انسانیت کی بلا امتیاز رنگ و نسل اور مذہب خدمت کرنا ہے۔ لندن میں لارڈ نذیراحمد' رضوانہ لطیف' صدف جاوید' نثار احمد' چوہدری عبدالمجید' حاجی صدیق' چوہدری شفیق الرحمان اور افضال کیانی کے ساتھ میڈیا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اعلان کیا کہ اگر ہمیں اجازت دی جائے تو سری نگر کشمیر پہنچ کر پیلٹ فائرنگ کی وجہ سے جن ہزارو ں کشمیریوں کی آنکھیں ضائع ہو گئیں انہیں مفت علاج کی سہولتیں مہیا کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سارے کیمپوں کو لگانے اور چلانے میں ہمارا رول معاونت ہے عملی طورپر یہ کام المصطفی ویلفیئر سوسائٹی پاکستان کی شاخیں کررہی ہیں اور اس سلسلے میں المصطفی ویلفیئر سوسائٹی کے سرپرست اعلی ٬ انجمن طلبہ اسلام کے بانی صدر ٬ سابق وفاقی وزیر حاجی محمد حنیف طیب کی سرپرستی اور رہنمائی میں کررہے ہیں ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر لارڈ نذیر احمد نے ''المصطفی ویلفیئر ٹرسٹ (یو کی)'' کی طرف سے دنیا بھر میں جاری فلاحی کاموں کی تعریف کی اور کہا کہ ہم ہر ممکن حد تک ''المصطفی ویلفیئر ٹرسٹ (یو کی)'' کے ساتھ اس ضمن میں تعاون کیلئے تیار ہیں۔

عبدالرزاق ساجد نے کہا ہمارا سلوگن ''روشنی سب کیلئی'' ہے۔ ہم اپنے رضاکاروں کے ساتھ برطانیہ سے ماہرینِ امراضِ چشم کی ٹیمیں لے کر پاکستان' بنگلہ دیش' برما اور افریقہ کے ممالک میں جاتے ہیں اوروہاں ماہر ڈاکٹر آنکھوں کی مختلف بیماریوں کے علاج کے ساتھ آنکھوں کے آپریشن بھی کرتے ہیں اسی طرح ہم سری نگر جا کر بھی دکھی اور ضرورت مند انسانوں کی خدمت کیلئے تیار ہیں۔

انہوں نے مزید کہا ہمارے ڈاکٹروں میں برطانیہ کے سینئر ماہرین امراض چشم شامل ہیں جن کے ساتھ موبائل ہسپتال' لیبارٹری' میڈیکل آلات اور ادویات سمیت تمام سہولیات دستیاب ہیں۔ اس سال بھی پاکستان میں ''المصطفی ویلفیئر ٹرسٹ'' کے آئی کیمپوں کی مہم کا 16 اکتوبر سے آغاز ہو گیا ہے۔ اور پاکستان اور کشمیر اور روزانہ سینکڑوں کی تعداد میں آپریشن ہو رہے ہیں اور مستحق افراد بینائی کی بحالی کے بعد ہمارے کام کو سراہنے کے ساتھ ہمیں دعائیں بھی دے رہے ہیں۔

عبدالرزاق ساجد نے کہا ان دعائوں کی ہمیں ضرورت ہے اور یہی وہ نیک تمنائیں اور دعائیں ہیں جو ہمیں دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے مزید حوصلہ بخشتی ہیں۔ انہوں نے کہا ''المصطفی ویلفیئر ٹرسٹ'' خدمت خلق کا ادارہ ہے اور اس کا سیاسی معاملات سے قطعی تعلق نہیں' چنانچہ ہماری اپیل ہے کہ ہمیں اجازت دی جائے تا کہ ہم جذبہ انسانی کے تحت سری نگر کشمیر جا کر بینائی سے محروم افراد کو روشنی بانٹنے کا سلسلہ شروع کریں۔

عبدالرزاق ساجد نے کہا اس ضمن میں ہم نے لندن میں قائم بھارت کے ہائی کمیشن کو باقاعدہ درخواست دی ہے۔ ہم نے برطانوی وزیراعظم اور اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو بھی خطوط ارسال کر دیئے ہیں کہ وہ ''المصطفی'' کی ٹیم کو انسانی حقوق اور جذبہ خدمت کے تحت کشمیر جانے کیلئے بھارتی حکومت سے اجازت کیلئے مدد کریں تا کہ ہم اپنی ڈاکٹروں کی ٹیم کے ہمراہ کشمیر میں بینائی سے محروم بچوں' خواتین اور دیگر ضرورتمندوں کیلئے ان کی آنکھوں کی روشنی کیلئے آئی کیمپ لگا سکیں۔

گزشتہ تین ماہ کے دوران کشمیر کے تمام اضلاع میں کشمیریوں پر ممنوعہ بور کی پیلٹ بندوقوں سے مسلسل فائرنگ کرکے ایک ہزار سے زائد کشمیری نوجوانوں کو بینائی سے محروم کر دیا گیا۔ عالمی میڈیابھی اس کی تصدیق کر رہاہی' یہ وعدہ بھی کیا گیا تھا کہ کشمیر میں مہلک پیلٹ بندوقیں استعمال نہیں کی جائیں گی٬ لیکن افسوس یہ وعدہ پورا نہ کیا جا سکا٬ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ کشمیر میں پیلٹ بندوقوں کا استعمال بند کیا جائے٬ تاکہ مزید کشمیریوں کی آنکھیں ضائع نہ ہوں اور بین الاقوامی ادارے اس سلسلہ میں اپنا اثرورسوخ استعمال کریں۔

متعلقہ عنوان :