نئی سہ ماہی میں پیش کیے جانے والے پروگراموں سے پی ٹی وی کا معیار بلند ہوا ہے٬آغا ذوالفقار خان

بدھ 26 اکتوبر 2016 19:03

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اکتوبر2016ء)پاکستان ٹیلی وژن کے ڈائریکٹر پروگرامزآغا ذوالفقار خان نے کہا ہے کہ نئی سہ ماہی میں پیش کیے جانے والے پروگراموں سے پی ٹی وی کا معیار بلند ہوا ہے۔چیئرمین عطاالحق قاسمی اور منیجنگ ڈائریکٹر صبامحسن کی رہنمائی میں پی ٹی وی کے تمام شعبہ جات میں نہ صرف نمایاں بہتری آئی ہے بلکہ اس قومی چینل کی مقبولیت میں بھی بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

شعبہ پروگرامز انتہائی جاندار٬منفرد٬بامقصد اور سبق آموز ڈرامے پیش کر رہا ہے جنہیں پی ٹی وی ناظرین کی طرف سے بے حد پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔پی ٹی وی اپنے سنہری دور کی واپسی کے لیے پورے عزم سے کوشاں ہے ۔یہی وجہ ہے کہ اس وقت ادارے کے حکام بالا کی تمام تر توجہ ذاتی پروڈکشن پر ہے اوراب پی ٹی وی کے سٹوڈیوز بارو نق ہیں۔ اس قومی ادارے کے پاس باصلاحیت کارکناں اور ہنرمندوں کی کوئی کمی نہیں۔پی ٹی وی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ پاکستان کے دیگر چینلز میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے والے بیشترماہرین نے تکنیکی مہارت اسی ادارے سے حاصل کی۔انہوں نے کہا ادارے کے کارکنوں کی انتھک محنت اور لگن کی بدولت بہت جلد پی ٹی وی کا شمار مقبول ترین چینلز میں ہو گا۔