گریٹر اقبال پارک پاکستان کی تاریخ میں ایک انفرادی اہمیت کا حامل پارک ہوگا ‘خواجہ احمد حسان

وزیراعلی پنجاب کے انقلابی وژن کے مطابق گریٹر اقبال پارک پاکستان کی تاریخ و ثقافت میں ایک سنگ میل کا مقام حاصل کرے گا گریٹر اقبال پارک کے 24 ایکڑ رقبے پر تعمیرات کی گئی ہیں جبکہ بقیہ 100 ایکڑ پر خوبصورت ترین پارک شہریوں کو خوبصورت نظارے دے گا‘کمشنر لاہور ڈویژن عبدالله خان سنبل

بدھ 26 اکتوبر 2016 19:03

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اکتوبر2016ء) چیئرمین سٹیرنگ کمیٹی اورنج ٹرین خواجہ احمد حسان نے کمشنر لاہور ڈویژن عبدالله خان سنبل کے ہمراہ گریٹر اقبال پارک کا اہم دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈی جی پی ایچ اے میاں شکیل احمد٬ ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن عثمان خان خالد اور پروجیکٹ ڈائریکٹر گریٹر اقبال پارک طاہر سلطان بھی موجود تھے۔

انہوں نے گریٹر اقبال پارک میں اختتامی مراحل میں موجود تعمیراتی کاموں کی رفتار اور معیار کا تفصیلاً جائزہ لیا۔ اس موقع پر خواجہ احمد حسان نے کہا کہ گریٹر اقبال پارک پاکستان کی تاریخ میں ایک انفرادی اہمیت کا حامل پارک ہوگا جس میں موجود ڈانسنگ فائونٹینز٬ ہسٹری میوزیم٬ ہیروز گیلری سمیت تمام صوبوں کی ثقافتی نمائندگی پر مشتمل فوڈ کورٹس٬ مشاہیر تاریخ پاکستان کے یادگار پلیٹ فارم٬ خوبصورت روشیں٬ انجینئرنگ و ہارٹی کلچر کا خوبصورت سنگم ٬ مصنوعی جھیل پارک کے 124 ایکڑ رقبے کو نہایت باعث کشش بنائے گی۔

(جاری ہے)

خواجہ احمد حسان نے زور دیا کہ فنشنگ کے کام کے لیے افرادی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کے انقلابی وژن کے مطابق گریٹر اقبال پارک پاکستان کی تاریخ و ثقافت میں ایک سنگ میل کا مقام حاصل کرے گا۔ انہوں نے دورے کے دوران افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 31 اکتوبر کو گریٹر اقبال پارک کا ایک خصوصی اور اہم ترین دورہ ہوگا جبکہ اس کا افتتاح 9 نومبر 2016 کو یوم اقبال پر کیا جائے گا۔

کمشنر لاہور ڈویژن عبدالله خان سنبل نے کہا کہ گریٹر اقبال پارک کے 24 ایکڑ رقبے پر تعمیرات کی گئی ہیں جبکہ بقیہ 100 ایکڑ پر خوبصورت ترین پارک شہریوں کو خوبصورت نظارے دے گا۔ انہوں نے کہا کہ پارک کا اپنا سیکورٹی نظام ہوگا مگر اس کو لاہور کے سیف سٹی پراجیکٹ کے سیکورٹی نظام سے لنک کیا جائے گا اور 9 نومبر کو اس سے مانیٹر بھی کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :