ْڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد وہرہ کی گرہلاک ہونے والے ریٹائرڈ ملازم کے اہل خانہ سے ملاقات

بدھ 26 اکتوبر 2016 19:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اکتوبر2016ء) ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد وہرہ نے دو روز قبل سوک سینٹر کی چھٹی منزل سے گر کر ہلاک ہونے والے ریٹائرڈ ملازم محمد اقبال کے اہل خانہ سے ان کے گھر مانسہرہ کالونی لانڈھی جا کرتعزیت کی اورکہا کہ انہیں ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی٬ مرحوم کے بیٹے ٬ بیٹی اور اہلیہ سے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی میئر کراچی اور دیگر افسران آب دیدہ ہوگئے اور انہیں ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی افسوس ناک واقعے ہے جس کی مکمل تحقیقات کی جائے گی اور اصل حقائق تک پہنچا جائے گا تاکہ ریٹائرڈ ملازم محمد اقبال کے سوک سینٹر سے گر کر ہلاک ہونے کی وجوہات معلوم ہوسکیں انہوں نے کہا کہ اگر اہل خانہ کوکسی قسم کی قانونی مدد کی ضرورت ہوئی تو اسے بھی پورا کیا جائے گا ٬انہوں نے ان کے اہل خانہ کو بتایا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے ان کے تمام واجبات ادا کئے جاچکے تھے جبکہ اکتوبر 2016 تک کی پنشن بھی انہیں دی جا چکی تھی انہوں نے کہا کہ آج انہوں نے خود جا کر محکمہ مالیات سوک سینٹر میں نہ صرف ریکارڈ کو دیکھا بلکہ بینک اسٹیٹمنٹ سے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ مرحوم کے تمام واجبات اور پنشن ادا کی جاچکی ہے ۔

(جاری ہے)

اہل خانہ نے ڈپٹی میئر کراچی کو اس واقعہ کی تحقیقات کرنے اور سن کوٹہ پر ان کے فیملی میں سے کسی ایک فرد کو ملازمت فراہم کرنے کی درخواست کی۔بعد ازاں ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد وہرہ٬ رکن صوبائی اسمبلی وقار شاہ ٬ ڈی ایم سی ملیر کے چیئرمین جان محمد بلوچ٬مشیر مالیات خالد محمود شیخ٬ سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز مسعود عالم اور دیگر افسران نے مرحوم محمد اقبال کے سوئم میں شرکت کی اور مرحوم کے لئے دعائے مغفرت کی ۔

قبل ازیں ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد وہرہ آج صبح سوک سینٹر پہنچے اور چھٹی منزل پر جائے حادثہ کا تفصیلی معائنہ کیا اور محکمہ مالیات بلدیہ عظمیٰ کراچی کے افسران سے اس واقعہ کے حوالے سے مکمل معلومات حاصل کیںانہوں نے کہا کہ ریٹائرڈ ملازم کی موت انتہائی افسوس ناک واقعہ ہے جس کی مکمل تحقیقات ہوں گی اور اس کے تمام پہلوئوں کا جائزہ لیا جائے گا ۔

متعلقہ عنوان :