ڈپٹی میئر کراچی کا سندھ کی تمام لوکل کونسلوں کے فنڈ منجمدکرنے کے فیصلے پر اظہار تشویش

اس فیصلے سے ہندو برادری کے دیوالی کے موقع پر دی جانے والی تنخواہیں ادا نہیں کی جا سکیں گی٬ڈاکٹرارشد وہرہ

بدھ 26 اکتوبر 2016 19:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اکتوبر2016ء) ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد وہرہ نے سندھ حکومت کے اس فیصلے پر جس میں سندھ کی تمام لوکل کونسلوں کے فنڈ منجمد کیے گئے ہیں تعجب اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس فیصلے سے ہندو برادری کے دیوالی کے موقع پر دی جانے والی تنخواہیں ادا نہیں کی جا سکیں گی جس کے باعث وہ اس خوشی کے تہوار کو نہیں منا سکیں گے جبکہ افسران اور ملازمین کی ماہانہ تنخواہیں اور پنشن بھی ادا نہیں کی جا سکے گی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی میئر نے کہا کہ اس فیصلے کے نتیجے میں کراچی سمیت سندھ کے تمام ترقیاتی کام رک جائیں گے‘ زیر تعمیر منصوبے مزید تعطل کا شکار ہوں گے اور صحت و صفائی کی صورتحال مزید ابتر ہوجائے گی۔ ڈپٹی میئر کراچی نے مزید کہا کہ سندھ بھر کے ملازمین میں شدید تشویش پائی جاتی ہے٬ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ اس بات کی وضاحت کرے کہ اس اچانک فیصلے کے پیچھے آخر کیا محرکات درپیش ہیں۔ ڈپٹی میئر کراچی نے وزیر اعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا کہ وہ حالات کو مزید ابتری سے بچانے کے لیے فوری مداخلت کریں اور بلدیاتی اداروں کے منجمد کردہ اکائونٹس کو فوری بحال کریں تاکہ روز مرہ کے امور سمیت زیر تعمیر منصوبوں کو بھی بروقت مکمل کیا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :