جمرود میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے پولیو ورکر جاں بحق٬ملزمان فرار

بدھ 26 اکتوبر 2016 19:00

جمرود(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اکتوبر2016ء) خیبر ایجنسی کی تحصیل جمرود میں مسلح افراد کی فائرنگ سے پولیو ورکر جاں بحق ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق وقعہ جمرود کے نواحی علاقہ غنڈی سکندر خیل میں پولیو مہم کے دوران پیش آیا جہاں پولیو ورکر تیئس سالہ امین خان علاقے میں بچو ں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلارہے تھے کہ نامعلوم مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئے انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔

مقامی افراد نے واقعے کو پولیٹیکل انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی کے ناقص اقدامات کا پیش خیمہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موقع پر پولیو ٹیم کی حفاظت کیلئے ان کے ساتھ مقامی پولیٹیکل انتظامیہ کا کوئی خاصہ دار موجود نہیں تھا جس کے باعث نامعلوم مسلح افرادنا صرف اپنے مقصد میں کامیاب ہوئے بلکہ وہ فرار ہونے میں بھی کامیاب ہوئے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میںجب تحصیلدارجمرود عصمت اللہ وزیر سے رابطہ کیا گیا تو انہون نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پولیو ٹیم کو ضروری سیکیورٹی مہیا کی گئی تھی۔

دریں اثنا واقعے کی اطلاع پر پولیٹیکل انتظامیہ کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور ارد گرد کے علاقے میں سرچ اپریش کیا جس دوران انتظامیہ نے اجتماعی ذمہ داری کے تحت بیس افراد کو حراست میں لیا ہے جن سے معلومات اکٹھی کی جا رہی ہے۔مقتول پولیو ورکر کو آبائی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیاہے۔

متعلقہ عنوان :