Live Updates

تحریک انصاف کی جانب سے 2نومبر کو اسلام آباد میں دھرنے کے اقدام کو سپریم کورٹ میں بھی چیلنج کر دیا گیا

دھرنے سے شہریوں کے بنیادی حقوق متاثر ہوتے ہیں٬ ملک کو اربوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑے گا‘ درخواست گزار کا موقف

بدھ 26 اکتوبر 2016 19:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اکتوبر2016ء) تحریک انصاف کی جانب سے 2نومبر کو اسلام آباد میں دھرنے کے اقدام کو سپریم کورٹ میں بھی چیلنج کر دیا گیا ۔ یہ آئینی درخواست وطن پارٹی کے بیرسٹر ظفر اللہ خان کی طرف سے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں دائر کی گئی جس میں وفاقی حکومت٬ سپیکر قومی اسمبلی٬ ایف بی آر اور الیکشن کمیشن کو فریق بنایاگیا ہے ۔

(جاری ہے)

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ تحریک انصاف 2نومبر کو آٹھ مقامات سے بند کرنے جارہی ہے جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ تحریک انصاف کے پچھلے دھرنے کی وجہ سے بھی شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا اور ملک معیشت کو اربوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔ تحریک انصاف کا احتجاج کو بنیادی آئینی حق قرار دینے کا دعویٰ غلط ہے٬ اس دعوے کی آڑ میں دھرنے سے اسلام آباد کے لاکھوں شہریوں کے بنیادی آئینی حقوق متاثر ہونگے اور پاکستان کو دوبارہ سے اربوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑے گا۔ لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ تحریک انصاف کو دھرنا دینے سے روکا جائے اور اسلام آباد کے شہریوں کے بنیادی آئینی حقوق کا تحفظ کیا جائے ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات