اسلام آباد بند ہو گا٬حکومت گڑ بڑ کی کو شش نہ کرے٬ پی ٹی آئی کے کارکن پر امن رہیں گے ‘عبدالعلیم خان

عمران خان کی پذیرائی میں زندہ دلان لاہور اپنا ہی ریکارڈ توڑ دیں گے ٬نوجوان ہرآول دستہ ثابت ہونگے‘ کارکنوں سے عبدالعلیم خان کا خطاب

بدھ 26 اکتوبر 2016 18:59

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اکتوبر2016ء) تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ حکمرانوں کے پاس اب بھی مہلت ہے کہ وہ اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے مستعفیٰ ہو جائیں وگرنہ انشاء اللہ 2نومبر کو اسلام آباد ضرور بند ہو گا حکومت گڑ بڑ کی کوشش نہ کرے پی ٹی آئی کے کارکن ماضی کی طرح پر امن رہیں گے لیکن اپنا دفاع ضرور کریں گے ۔

عبدالعلیم خان نے لاہور میں 2نومبر کیلئے پی ٹی آئی کی عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں مختلف علاقوں میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی پذیرائی میں زندہ دلان لاہور اپنے ہی سابقہ تمام ریکارڈ توڑ دی گے اور مینار پاکستان کے جلسوں ٬لاک ڈاؤن لاہور ٬لانگ مارچ ٬چئیرنگ کراس ریلی اور رائیونڈ مارچ سے بھی زیادہ بڑی تعداد میں لاہوریے اسلام آباد کا رخ کریں گے اور خواتین اور یوتھ اس مارچ کے ہرآول دستے ثابت ہوں گے ۔

(جاری ہے)

عبدالعلیم خان نے کہا کہ صرف کرپشن کے باعث پاکستان 69برسوں میںترقی نہیں کر سکا اور آج بھی ملک کو سب سے بڑا چیلنج کرپشن کے خاتمے کا ہی درپیش ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاناما لیکس میں سامنے آنے والے سچ سے آنکھیں بند کرنے والوں کو اب قوم کو جوابدہ ہونا پڑے گا اور ملک کی لوٹی ہوئی ایک ایک پائی واپس لانا ہو گی ۔عبدالعلیم خان نے پی ٹی آئی کے کارکنوں سے کہا کہ وہ ہر یونین کونسل میں عوامی رابطہ مہم کو یقینی بنائیں اور پارٹی ہدایات کے مطابق 2نومبر کی بھرپور تیاری کی جائے تا کہ حکمرانوں کو احتساب پر مجبور کیا جا سکے ۔

رکن صوبائی اسمبلی محمد شعیب صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو بے وقوف بنانے والوں کے دن گنے جا چکے ہیں اب شریف فیملی کو اپنے کیے کا حساب دینا ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ لاہور کے ہر حلقے سے پی ٹی آئی کے کارکن دیوانہ وار اسلام آباد پہنچیں گے اور دھرنے کے نتائج تک وہیں قیام کریں گے این ای122میں پی ٹی آئی کے مقامی رہنما مبین کمبوہ ٬ذوالقرنین ذکی ٬باؤ یوسف ٬حافظ رضوان ٬حافظ عامر مغل اورجاوید یوسف بھی موجود تھے ۔

متعلقہ عنوان :