لاہور ہائیکورٹ نے ڈی جی ماحولیات پنجاب ڈاکٹر جاوید اقبال کی تعیناتی کو کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں عہدے سے ہٹا دیا

بدھ 26 اکتوبر 2016 18:39

لاہور۔26 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اکتوبر2016ء) لاہور ہائیکورٹ نے ڈائریکٹر جنرل ماحولیات پنجاب ڈاکٹر جاوید اقبال کی تعیناتی کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں عہدے سے ہٹانے کا حکم دیدیا۔چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے شیراز ذکاء ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی ۔

(جاری ہے)

عدالتی سماعت کے دوران درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ ڈاکٹر جاوید اقبال کو محکمہ ماحولیات کے سروس رولز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تعینات کیا گیا ہے٬ ڈی جی ماحولیات کے عہدے کیلئے محکمہ ماحولیات کا ڈائریکٹر ہونا٬ سی سی ایس یا پی ایم ایس پاس کر کے سرکاری افسر تعینات ہونا لازمی شرط ہے لیکن ڈاکٹر جاوید اقبال کسی شرط پر بھی پورا نہیں اترتے٬ پنجاب حکومت کی طرف سے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل احمد حسن نے موقف اختیار کیا کہ محکمہ ماحولیات کی جدید اصولوں پر تنظیم نو کی سمری تیار کر کے وزیر اعلیٰ پنجاب کو بھجوا دی گئی ہے٬ سمری جلد منظور کروا لیں گے لہذا اس درخواست کو تین ہفتے کیلئے ملتوی کر دی جائے٬ عدالت نے تفصیلی دلائل سننے کے بعد ڈی جی ماحولیات پنجاب ڈاکٹر جاوید اقبال کی تعیناتی کالعدم کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر عہدے سے ہٹانے اور ڈائریکٹر امپملیمنٹیشن اینڈ مانیٹرنگ لیبارٹریز ڈاکٹر توقیر کو ڈائریکٹر جنرل کا عارضی چارج دینے کا حکم دیدیا٬ عدالت نے اپنے مختصر فیصلے میں کہا ہے کہ ڈی جی ماحولیات ڈاکٹر جاوید اقبال کی تعیناتی میرٹ سے ہٹ کر کی گئی۔