یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں ’’میڈیکل پروفیشنلزم ‘‘پر بین الاقوامی کانفرنس (آج) سے شروع ہوگی

بدھ 26 اکتوبر 2016 18:39

لاہور۔26 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اکتوبر2016ء)یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیر اہتمام میڈیکل ایجوکیشن پر تیسری بین الاقوامی کانفرنس (آج) 27اکتوبر سے شروع ہورہی ہے٬ تین روزہ کانفرنس کا موضوع"دور حاضر میں میڈیکل پروفیشنلزم کو درپیش چیلنجز"ہے۔ کانفرنس کا انعقاد کونسل فار کولیبوریشن ان میڈیکل ایجوکیشن کے پلیٹ فارم سے کیا جارہا ہے اور اس میں ہائیر ایجوکیشن کمیشن پاکستان٬ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل٬ کالج آف فزیشن اینڈ سرجنز پاکستان٬ پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن٬ پاکستان میڈیکل ریسرچ کونسل٬ پاکستان سائنس فائونڈیشن اور پاکستان نرسنگ کونسل کا شتراک شامل ہے۔

امریکہ ٬ برطانیہ٬ ملائشیا٬ سری لنکا٬ آسٹریلیا٬ سنگاپور٬ ایران٬ سعودی عرب اور پاکستان سمیت کئی ممالک سے 1500کے قریب غیر ملکی اور ملکی ماہرین صحت اور تعلیم اس کانفرنس میں شرکت کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

بین الاقوامی ماہرین میں لیور پول وومن ہاسپٹل این ایچ ایس فائونڈیشن ٹرسٹ کے ڈاکٹر وکرم جاہ٬ کیل یونیورسٹی سکول آف میڈیسن کی ڈاکٹر کے موہانا٬میڈیکل ایجوکیشن ڈویلپمنٹ اینڈ ریسرچ سنٹر کولمبو سری لنکا کے ڈاکٹر گومندا پونم پورما٬ یونیورسٹی آف ایلی نوائس امریکہ کے ڈاکٹر آراٹیکین٬ فیمر(FAIMER)امریکہ کے نائب صدر ڈاکٹر جان آربُلے٬ کوئسٹ انٹرنیشنل یونیورسٹی ملائشیاکے ڈاکٹر عالم شیر ملک٬ دمام یونیورسٹی سعودی عرب کے ڈاکٹر گوہر واجد ٬ اوپن یونیورسٹی برطانیہ کی ڈاکٹر جنیٹ گرانٹ٬ سعودی عرب کے ڈاکٹر سید معین علی اور آسٹریلیا سے ڈاکٹرزرین صدیقی شامل ہیں۔

کانفرنس کے پہلے دن شہر کی16 سرکاری اور پرائیویٹ میڈیکل کالجوںاور یونیورسٹیوں میں 45ورکشاپس کا انعقاد کیا جائے گا۔ کانفرنس کو 7سیشنز میں تقسیم کیا گیا ہے اور اس کے پروگرام میں ورکشاپس٬ کی نوٹ تقاریر٬ پیپر اور پوسٹر پریزنٹیشنز اور ٹریننگ سیشنز شامل ہیں۔ اس حوالے سے کانفرنس کے آرگنائزنگ سیکرٹری پرو وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر جنید سرفراز خان نے بتایا کہ میڈیکل پروفیشنلزم آج کے دور کا بڑا مسئلہ ہے۔ کانفرنس میں میڈیکل پروفیشنلزم کے حوالے سے مختلف امور زیر بحث آئیں گے اور ان کی روشنی میں سفارشات پیش کی جائیں گی۔