قومی و بین الاقوامی کمپنیوں کے ذریعے کاشتکاروں کو تصدیق شدہ بیج فراہم کیا جائے٬ڈاکٹر جسومل

بدھ 26 اکتوبر 2016 18:38

ملتان۔26 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اکتوبر2016ء)پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن (پی سی جی ای)کے چیئرمین ڈاکٹر جسو مل نے کپاس کی پیداوار کی طرف توجہ دلاتے ہوئے مطالبہ کیا کہ قومی و بین الاقوامی کمپنیوں کے ذریعے کاشتکاروں کو کپاس کاتصدیق شدہ بیج فراہم کیاجائے۔اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ کپاس کی فصل کانقصان اورپیداوار میں کمی کابڑا سبب ناقص اورجعلی بیج اور ملاوٹ شدہ زرعی ادویات ہیں جس کے تدارک کے لیے حکومتی اداروں کواپنی ذمہ داری قومی فریضہ سمجھ کرادا کرنی چاہیے۔

انہوںنے کہاکہ اس سال کپاس کی فصل کے حالات پہلے سے بہتر ہیں اور امید ہے کہ ہم ایک کروڑ 20لاکھ گانٹھ تک پیداوار حاصل کرسکیں گے تاہم ہمارا ٹارگٹ ڈیڑھ سے دو کروڑ گانٹھ ہونا چاہیے تاکہ ملکی معیشت کو مضبوط اور کاروباری حالات بہتر بنائے جاسکیں۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں چیئرمین پی سی جی اے نے کہاکہ اگر ہم کپاس اوردیگر نقدآور فصلات کی پیداوار بڑھانا چاہتے ہیں تو ہمیں کاشتکار اورریسرچ اداروں خصوصاً محکمہ زراعت کے اداروں میں ربط بڑھانا اورکاشتکاروں کوان کی دہلیز پر کھاد٬بیج ٬زرعی ادویات حتی کہ موسم کی صورتحال تک سے آگاہ رکھنا ہوگااسی طرح زرعی یونیورسٹیز اور زرعی کالجز کوگائوں کی سطح تک روابط بڑھانے اور فصلوں کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ اور مشاورت کا پابند کیا جائے۔