پی ٹی آئی کے دھرنے کیخلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر

بدھ 26 اکتوبر 2016 18:35

لاہور۔26 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اکتوبر2016ء) تحریک انصاف کے دھرنے کیخلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں یہ آئینی درخواست وطن پارٹی کے بیرسٹر ظفر اللہ خان کی طرف سے دائر کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف دو نومبر کو آٹھ مقامات سے دارالحکومت اسلام آباد کو بند کرنے جا رہی ہے٬ تحریک انصاف کی دھرنے کی وجہ شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا٬ تحریک انصاف کے پچھلے دھرنے کی وجہ سے بھی شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا٬ پچھلے دھرنے کی وجہ سے ملک معیشت کو اربوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔

(جاری ہے)

درخواست میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف کا احتجاج کو بنیادی آئینی حق قرار دینے کا دعوی غلط ہے٬ اس دعوے کی آڑ میں تحریک انصاف کے دھرنے کی وجہ سے اسلام آباد کے لاکھوں شہریوں کے بنیادی آئینی حقوق متاثر ہونگے اور پاکستان کو دوبارہ سے اربوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑے گا۔ درخواست میں وفاقی حکومت٬ سپیکر قومی اسمبلی٬ ایف بی آر اور الیکشن کمیشن کو فریق بناتے ہوئے استدعا کی گئی ہے کہ اسلام آباد کے شہریوں کے بنیادی آئینی حقوق کا تحفظ کیا جائے اور تحریک انصاف کو دھرنا دینے سے روکا جائے۔

متعلقہ عنوان :