Live Updates

پی ٹی آئی نے اسلام آباد انتظامیہ کو احتجاج کی باقاعدہ درخواست نہیں دی ٬ رانا ثناء اللہ

یہ لوگ اسلام آباد میں لاشیں لینے جارہے ہیں ٬ اپنے لوگوں کو خود مارکر لاشیں گرانا چاہتے ہیں۔ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان کو ان کے مقاصد پورے نہ کرنے دے٬ پریس کانفرنس

بدھ 26 اکتوبر 2016 18:25

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اکتوبر2016ء) صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان 2نومبر کو اسلام آباد کو بند کرنے پر تلا ہوا ہے پی ٹی آئی والوںنے ابھی تک اسلام آباد انتظامیہ کو احتجاج کی باقاعدہ درخواست نہیں دی۔ اسلام آباد بند کرنے کا کوئی آئینی وقانونی جواز نہیں۔ راولپنڈی کے شیطان شیخ رشید نے اپنی تقریر میں کہا تھا کہ انہیں لاشیں چاہیں لہٰذا یہ لوگ اسلام آبباد میں لاشیں لینے جارہے ہیں اور اپنے لوگوں کو خود مارکر لاشیں گرانا چاہتے ہیں۔

ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان کو ان کے مقاصد پورے نہ کرنے دے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز 90شاہراہ قائداعظم پر پریس کانفرنس میں کیا۔ انہوںنے کہا کہ ایک طرف قوم دہشت گردی کی جنگ لڑرہی ہے جبکہ عمران خان بے شرم اور پاگل انسان دس لاکھ لوگوں کو اسلام آباد لانے کا کہہ رہا ہے اس پاگل انسان کے کہنے پر کون پاگل آئے گا۔

(جاری ہے)

انہو ںنے کہا کہ احتجاج کرنا سب کا جمہوری حق ہے لیکن گالی دینا ان کا حق نہیں ہے۔

پنجاب میں پی ٹی آئی کو ہر طرح کے احتجاج کرنے کی اجازت دی گئی اور ان کو فول پروف سکیورٹی بھی فراہم کی گئی۔ ایسے لوگوں کا علاج صرف پاگل خانے میں ہے حکومت پوری کوشش کرے گی کہ ان کو سمجھائیں اور یہ کوشش آخری وقت تک کی جائے گی۔ لیکن ملک کو عدم اعتماد وانتشار کا شکار نہیں ہونے دیا جائے گا۔ یہ لوگ سی پیک پراجیکٹ بجلی کے پروجیکٹ بند کرکے پاکستان کو نقصان پہنچاناچاہتے ہیں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو ملک کے لئے سکیورٹی رسک کیا جوانتہائی بے شرمی اور گھٹیا الزام ہے۔

ایک سوال پر صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ کے پی کے وزیراعلیٰ ’’تیلی خان‘‘ خود اللہ سے چھپ کر سانس لیتے ہیں وہ کیسے مارچ کو لیڈ کریں گے۔ اگر پی ٹی آئی اب بھی اسلام آباد کی انتظامیہ کو درخواست دے تو اچھا ہوگا۔ درخواست نہ دینا اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ یہ اسلام آباد بند کرنا چاہتے ہیں۔ جو نہیں ہوگا۔(قیوم زاہد)
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات