یونیورسٹی آف ایجوکیشن٬ ٹائون شپ کیمپس میں پنک ربن ڈے کے حوالے سے خصوصی سیمینار کا انعقاد

بدھ 26 اکتوبر 2016 18:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اکتوبر2016ء)یونیورسٹی آف ایجوکیشن٬ ٹائون شپ کیمپس لاہور میں پنک ربن ڈے کے حوالے سے ایک خصوصی سیمینار کا انعقاد کیا گیا٬ جس میں بیگم وائس چانسلر یونیورسٹی آف ایجوکیشن ہویدہ رئوف اعظم نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں خصوصی شرکت کرنے والے ماہر تعلیم پروفیسرا یم -الے رفرف٬ ڈپٹی ایم ایس الحجازہسپتال ڈاکٹر فروا نسار اور ایس پی شائستہ ندیم نے طالبات کو بریسٹ کینسر کی علامات٬ تشخیص اور علاج کے متعلق تفصیل سے معلومات فراہم کیں۔

اس موقع پر مقررین کا کہنا تھا کہ غیر ضروری شرم و حیاء کے باعث خواتین کا بریسٹ کینسر کی تکلیف کو برداشت کرنا اور کسی سے اس کا ذکر نہ کرنا نہایت غلط سوچ ہے٬ جسے ہمیں فوری تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

چھاتی کے سرطان کا علاج ممکن ہے بشرطیکہ اس کی بروقت تشخیص ہو جائے اور اس مرض کی تشخیص کوئی مشکل کام نہیں٬ خواتین خود بھی کر سکتی ہیں۔ خواتین چھاتی میں تکلیف محسوس کریں٬ کوئی ایسا زخم جس میں خون یا پانی جیسا مادہ رسنا بند نہ ہو٬ ایک چھاتی کا سائز بہت بڑا ہو جائے٬ گلٹی محسوس ہو٬ سوجن٬ چھاتی کا رنگ اور ساخت بدل جائے٬ اس میں درد ہو یا خارش تو ایسی تمام علامات میں فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کیا جانا چاہیے۔

مقررین کا مزید کہنا تھا کہ مختلف رپورٹس کے مطابق پاکستان میں ہر سال 90 ہزار خواتین چھاتی کے سرطان کا شکار بنتی ہیں اور ان میں سے 40 ہزار خواتین موت کے منہ میں چلی جاتی ہیں٬ جس کی وجہ خواتین کو چھاتی کے سرطان کے بارے میں معلومات کا فقدان ہے۔ سیمینار کے اختتام پر مہمان خصوصی بیگم وائس چانسلر ہویدہ رئوف اور رجسٹرار یونیورسٹی آف ایجوکیشن ڈاکٹر منظوم اختر نے طالبات میں شیلڈز بھی تقسیم کیں٬ اس موقع پر طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔

سیمینار کے بعد آگاہی واک کا بھی اہتمام کیا گیا٬ جس میں طالبات و اساتذہ نے چھاتی کے سرطان کے حوالے سے ہاتھوں میں بینر اور پوسٹر اٹھا رکھے تھے۔ ا سمو قع پر ڈائریکٹر ڈویژن آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈاکٹر رانا ابرار حسین٬ ڈائریکٹرڈویژن آف ایجوکیشن ڈاکٹر انتظار حسین بٹ٬ ڈائریکٹر ڈائریکٹوریٹ آف ریسرچ ڈاکٹر شہزادہ قیصرسمیت اساتذہ٬ طلبہ٬ انتظامی افسروں اور دیگر سٹاف نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔