Live Updates

اگر دھرنے میں تاجروں کا نقصان ہوا تو عمران خان سے سپریم کورٹ کے ذریعے نکلوائیں گے٬محمد علی میاں

بدھ 26 اکتوبر 2016 18:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اکتوبر2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ن)ٹریڈرز ونگ پنجاب کے صدر محمد علی میاں٬ سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید٬ اور جنرل سیکرٹری محمد زبیر اور سینئر راہنما وقار صدیقی نے کہا ہے کہ نہایت افسوس کا مقام ہے کہ دیگر تمام سیاسی جماعتوں کی رائے کے برخلاف صرف عمران خان پاکستان کے پرامن تشخص اور ترقی کی راہ پر گامزن معیشت کو ذاتی انا کی خاطر نقصان پہنچا نے کے درپے ہے۔

اگر دھرنے کے باعث پاکستان کے کسی بھی تجارتی املاک یا کاروباری سرگرمیوں کا نقصان ھوا تو تاجر برادری عمران خان کو سپریم کورٹ لے جائے گی اور قانونی چارہ جوئی کے ذریعے تمام نقصانات کو نکلوائے گی تاکہ آئندہ کوئی بھی طالع آزما ملکی معیشت کو نقصان پہنچانے کی جرات نہ کر سکے۔

(جاری ہے)

محمد علی میاں نے مزید کہاکہ عمران خان کے اشتعال انگیز اور خون خرابے کے بیانات کو تاجر برادری سختی سے مسترد کرتی ہے اور بلا جواز احتجاجی سیاست کے ذریعے ملکی ترقی کے پہیے کو نقصان پہنچانا ملک دشمنی کے مترادف سمجھتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ کراچی سے پشاور تک ملک کا کوئی ایک بھی چیمبر٬ کوئی تجارتی یا صنعتی ایسوسی ایشن یا انجمن تاجران پاکستان عمران خان کے ساتھ نہیں ہے اور ماضی میں ان کی ٹیکس اور بجلی گیس کے بل جمع نہ کرانے کی اپیل کو مکمل طور پر رد کر چکی ہے۔ کسی بھی سیاسی جماعت کو کوئی حق نہیں کہ وہ ذاتی ایجنڈے کی آڑ میں مارکیٹوں میں توڑ پھوڑ اور تجارتی سرگرمیوں کو نقصان پہنچائے۔ اسلام آباد کو بند کرنے کا اعلان غیر قانونی٬ غیر جمہوری اور سیاسی ناپختگی کا واضع ثبوت ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات