کراچی چیمبر کا عمرہ زائرین پر عائد کی گئی2ہزار ریال فیس واپس لینے کی درخواست

عمرہ فیس کے باعث ہزاروں پاکستانی مقدس فریضے کی ادائیگی سے محروم ہو جائیں گے٬ شمیم فرپو

بدھ 26 اکتوبر 2016 18:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اکتوبر2016ء) کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ( کے سی سی آئی) کے صدر شمیم احمد فرپو نے سعودی عرب کی کونسل برائے وزراء کی جانب سے عمرہ زائرین کے لیے 2ہزار ریال ویزہ فیس عائد کیے جانے کے فیصلے پر نظرثانی کرتے ہوئے اسے واپس لینے کی درخواست کی ہے۔ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ آبادی کے لحاظ سے پاکستان دوسرا بڑا اسلامی ملک ہے اور یہاں سے ہر سال تقریباًً 10لاکھ افراد عمرہ کی ادائیگی کے لئے حجاز مقدس جاتے ہیں۔

پاکستان ایک غیر ترقی یافتہ ملک ہے یہاں کی آبادی کا زیادہ حصہ غریب اور متوسط طبقے سے تعلق رکھتا ہے لہٰذا عمراہ زائرین پر عائد کی گئی حد سے زیادہ فیس ختم کرکے اُن پر اخراجات کا بوجھ کم کیا جائے ورنہ اس اقدام کے نتیجے میں حجاس مقدس کے لیے عمرہ زائرین کی تعداد میں نمایاں کمی واقع ہو گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ عمرہ فیس میں ردو بدل کے حوالے سے سعودی سفارتخانے اور کراچی میں قونصلیٹ جنرل نے اب تک کوئی نوٹیفیکیشن جاری تو نہیں کیا تاہم بعض پرنٹ اور الیکٹرونک میڈیا میں آنے والی مختلف رپورٹس سمیت سوشل میڈیا میں گردش کرتی خبروں سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ سعودی عرب کی کونسل برائے وزراء نے عمرہ زائرین کی فیس سمیت دیگرمختلف کیٹگریز کی ویزہ فیسوں میں ردوبدل کا فیصلہ کیاہے۔

انھوں نے کہا کہ عمرہ فیس میں اضافہ سے عوام میں بے چینی پیدا پائی جاتی ہے خاص طور پر ایسے افراد جن کی آمدنی محدود ہے اور وہ پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہیں۔انہوں نے مختلف سعودی نیوز ویب سائٹس پر موجود رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ یہ اسٹوریز واضح کرتی ہیں کہ ایسے زائرین جو رواں اسلامی سال میںپہلی بار عمرے کی ادائیگی کرنا چاہتے ہیں ان کی 2ہزار ریال فیس سعودی حکومت برداشت کرے گی جبکہ دوسری بار یا پھر اس سے زیادہ عمرہ کرنے والوں کو یہ بوجھ بزات خود برداشت کرنا ہوگا۔

اس پیش رفت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عمرہ زائرین پر 2ہزار ریال فیس عائدکیے جانے سے ہزاروں پاکستانی اس مقدس فریضے کی ادائیگی کے لیے حجاس مقدس جانے سے محروم ہو جائیں گے کیونکہ آبادی کی اکثریت ویزہ فیس میں اضافے کا بوجھ برداشت نہیں کرسکے گی۔شمیم احمد فرپو نے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تاریخی اور طویل تعلق کے تناظر میں کہاکہ وہ پُرامید ہیں کہ سعودی حکومت کراچی چیمبر کی درخواست پر سعودی عرب کی کونسل برائے وزرا ء کی جانب سے عمرہ زائرین کے لیے 2ہزار ریال ویزہ فیس عائد کیے جانے کے فیصلے پر نظرثانی کرے گی اور مذکوہ بالا چارجز کو ختم کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے ہرسال سعودی عرب کا دورہ کرنے والے لاکھوں زائرین کو سہولت فراہم کریں گے۔

کے سی سی آئی کے صدر نے وزیراعظم میاں محمد نوازشریف٬ وزارت بین الاقوامی امور اور وزارت مذہبی امور کو جاری کئے گئے خطوط میں بھی اپیل کی کہ وہ سعودی حکام کے ساتھ اس مسئلے کو اٹھائیں تاکہ عمرہ زائرین کو ریلیف فراہم کیا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :