اخوت ہیلتھ سروسزکے زیر اہتمام --- موٹاپے کے عالمی دن کے موقع پر سیمیناراورا ٓگاہی واک کا انعقاد٬ موٹاپا بہت سی بیماریوں کا پیش خیمہ بن سکتا ہے٬ڈاکٹر طاہر رسول‘ڈاکٹر افشین سہیل

بدھ 26 اکتوبر 2016 18:00

لاہور۔26 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اکتوبر2016ء) اخوت ہیلتھ سروسزٹائون شپ لاہور کے زیر اہتمام --- موٹاپے کا عالمی دن کے موقع پر فارمیوو فارما سیوٹیکل کے تعاون سے ایک سیمیناراورآگاہی واک کا انعقاد کیا گیا ۔ جس میں ڈاکٹر طاہر رسول٬ ڈاکٹر واصف نور٬ ڈاکٹر مہوش رشید ٬ ڈاکٹر افشین سہیل ٬قیصر حمید٬ پروگرام کوارڈینیٹرروبی ہاشم کے علاوہ مریضوں اور لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈاکٹر طاہر رسول نے حاضرین کو بتایا کہ موٹاپا دنیا کی تیزی سے بڑھتی ہوئی بیماریوں میں سے ایک ہے۔ حال ہی میں امریکن میڈیکل ایسوسی ایشن نے موٹاپے کو باقاعدہ طور پر ایک بیماری قرار دیا ہے۔ موٹاپے کی شرح میں پاکستان 188ممالک میں سے 9 ویںنمبر پر ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹرطاہر رسول نے موٹاپے سے ہونے والی بیماریوں سے حاضرین کو آگاہ کرتے کہاکہ موٹاپا بہت سی بیماریوں کا پیش خیمہ بن سکتا ہے۔

مثلاً دل کے امراض٬ ہائی بلڈ پریشر٬ جوڑوں کے امراض٬ امراضِ نسواں٬ کینسر٬ جگر اور آنتوں کے امراض٬ سانس لینے میں دشواری اور فالج جیسے مرض شامل ہیں۔ ڈاکٹرواصف نور نے کہاکہ اگر آپ کا وزن آپ کے قد کے حساب سے زیادہ ہے یا دوسرے لفظوں میں آپ کا BMI (باڈی ماس انڈیکس ) 23سے زیادہ ہے تو آپ موٹاپے کا شکار ہیں۔ڈاکٹر افشین سہیل نے موٹاپے کی وجوہات بیان کرتے ہوئے کہا کہ غیر صحت مند طرز ِزندگی٬ چکنائیوں سے بھر پور غذائیں٬ بھوک سے زیادہ کھانا٬بے وقت کھانا٬ فاسٹ فوڈاور کولڈ ڈرنکس کا استعمال اور سیر یا ورزش کا نہ کرنا ہے۔

ڈاکٹر مہوش رشیدنے موٹاپے کے بچائو اور علاج پر بات کرتے ہوئے کہا کہ روزانہ سیر اور ورزش کریں۔ کھانے سے پہلے پانی کا استعمال کریں۔ غیر معیاری کھانوں سے پرہیز کریں۔ بھوک سے کم کھانا کھائیں۔ کھانے کے ساتھ سلاد کا استعمال کریں۔ تازہ پھل اور سبزیاں استعمال کریں۔ گھی اور چکنائی کا استعمال کم کریں۔ لیکن اگر آپ کا وزن کنٹرول نہیں ہو رہا تو ڈاکٹر سے رجوع کریںعلاج کے لئے مریض کی ضرورت کے مطابق ادویات کا نعم البدل موجود ہے۔ سیمینار کے بعد تمام شرکا ء نے موٹاپے سے آگاہی واک میں حصہ لیا۔ شرکاء نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔