خیبرپختونخوا پولیس اب پیشہ وارانہ خطوط پر کام کر رہی ہے٬پرویزخٹک

دوسروں کے تجربات سے استفادہ کرکے اپنی پولیس فورس کو حقیقی معنوں میں پروفیشنل فورس بنانے کے عمل سے گزر رہے ہیں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواکی سکاٹ لینڈ کے دورہ کے دوران سکاٹش پولیس اتھارٹی کے چیف ایگز یکٹیو اور اسسٹنٹ چیف کانسٹیبل مالکم گراہم کے ساتھ اجلاس میں گفتگو

بدھ 26 اکتوبر 2016 17:46

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اکتوبر2016ء) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا پولیس اب پیشہ وارانہ خطوط پر کام کر رہی ہے۔ یہ ماضی کے سیاست زدہ خول سے باہر آچکی ہے۔ خیبرپختونخوا پولیس میں اب آپریشنل ٬ تحقیقاتی اور پراسکیویشن پولیسنگ کا جدید طریق کار موجود ہے جو کسی بھی پیشہ ور پولیس فورس کا مقابلہ کرسکتی ہے۔

سیکھنا ایک مسلسل عمل ہے اور ہم دوسروں کے تجربات سے استفادہ کرکے اپنی پولیس فورس کو حقیقی معنوں میں ایک پروفیشنل فورس بنانے کے عمل سے گزر رہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے سکاٹ لینڈ کے دورہ کے دوران سکاٹش پولیس اتھارٹی کے چیف ایگز یکٹیو اور اسسٹنٹ چیف کانسٹیبل مالکم گراہم کے ساتھ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے اس موقع پر پولیس سکاٹ لینڈ کالج کیمپس ٹولیا لن اور سکاٹش کرائم کیمپس گارٹش کا دورہ کیا۔

ایڈیشنل انسپکٹر جنرل سی ٹی ڈی اور سپیشل برانچ صلاح الدین ٬ ڈائریکٹر جنرل پراسکیوشن عادل صدیق٬ سابق انسپکٹر جنرل پولیس فیاض طوورو٬ وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری محمد اسرار اور برطانوی ہائی کمیشن کے نمائندے سوس لاف ہیڈ اور البرٹ بھی اُن کے ہمراہ تھے۔ سکا ٹش پولیس کے سربراہ نے وزیراعلیٰ کو سکاٹ لینڈ پولیس سے متعلق بریفینگ دی اور خیبرپختونخوا حکومت کو پولیس کی استعداد کار میں اضافے٬ نصاب کی بہتری٬ دوران سروس تربیت ٬ ماڈل پولیس سٹیشن کے ارتقاء اور نئے تجربات سیکھنے کے عمل میں تعاون کا یقین دلایا۔

وزیراعلیٰ نے انسداد دہشت گردی ٬ پراسکیوشن اور فرانزک سٹیڈیز میں ایک دوسرے سے سیکھنے کی ضرور ت پر زور دیا ۔ پولیس اکیڈمی کے سربراہ نے وزیراعلیٰ کو اکیڈمی کے مختلف سپیشلائزڈ محکموں کا وزٹ کرایا۔ انہوںنے خیبرپختونخوا حکومت کے نئے پولیس آرڈنینس کو بھی سراہا۔وزیراعلیٰ کو سکاٹ لینڈ کے بدلتے ہوئے رجحانات اور ضروریات ٬ عوامی خدمات ٬ مالی مشکلات ٬ اصلاحات ٬ سٹرٹیجک پلاننگ ٬ بہترین کارگزاری اور خدمات کی نشاندہی اور ان کو ایک دوسرے کے ساتھ مربوط کرنے سے متعلق بریفینگ دی گئی۔

وزیراعلیٰ کو پولیس کی کارکردگی ٬ خطرات٬ سٹرکچر کی بہتری ٬ وسائل اور ان کے استعمال ٬ پیداوار جبکہ سکاٹ لینڈ پولیس کی ترجیحات بشمول عوامی تحفظ٬ کام میں معاونت ٬ احتساب اور نتیجہ خیز پولیسنگ سے بھی آگاہ کیا گیا۔بعدازاں وزیراعلیٰ نے قونصلیٹ جنرل گلاسکو کا دورہ بھی کیا جہاں اُنہوںنے قونصلرجنرل پاکستان رمان وزیر کے ساتھ پاکستانی برادری اور تاجروں کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔

چیئرمین ازدمک غلام دستگیر بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ قونصلر جنرل نے خیبرپختونخوا کے وسائل اور پوٹینشل کو سراہا ۔ انہوںنے خیبرپختونخوا کی تاجر برادری سے بھر پور تعاون کا یقین دلایا ۔ پرویز خٹک نے پاکستانی برادری خصوصاً خیبرپختونخوا سے تعاون کرنے اور انہیں سہولیات دینے کیلئے قونصلیٹ جنرل پاکستان کے عملے کی کاوشوں کو سراہا۔

متعلقہ عنوان :