امت کے بچوں کو بے حیائی کی تربیت دینے اور کنٹینر پر بیٹھ کر ناشائستہ زبان کا استعمال کرنے والوں کو سمجھ لینا چاہئے کہ محمد نواز شریف 2018ء تک وزیراعظم رہیں گے٬ توقع ہے کہ 2017ء کا حج 2016ء سے بھی بہتر ہوگا

مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی کیپٹن (ر) محمد صفدر کا ’’ہوپ‘‘ کے زیر اہتمام منعقدہ ورکشاپ سے خطاب

بدھ 26 اکتوبر 2016 17:33

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اکتوبر2016ء) مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی کیپٹن (ر) محمد صفدر نے کہا ہے کہ امت کے بچوں کو بے حیائی کی تربیت دینے اور کنٹینر پر بیٹھ کر ناشائستہ زبان کا استعمال کرنے والوں کو سمجھ لینا چاہئے کہ محمد نواز شریف 2018ء تک وزیراعظم رہیں گے۔ توقع ہے کہ 2017ء کا حج 2016ء سے بھی بہتر ہوگا۔ اصل نشانہ نواز شریف نہیں گوادر بندرگاہ ہے۔

یہودیوں کے ایجنٹ نہیں چاہتے کہ پاکستان اپنے قدموں پر کھڑا ہو۔ حکومت پر کوئی ایک پائی کی بھی کرپشن ثابت کر دے تو ہم ہر سزا بھگتنے کیلئے تیار ہیں۔ ’’ہوپ‘‘ کے زیر اہتمام منعقدہ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیپٹن (ر) محمد صفدر نے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کو کامیاب حج آپریشن پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ حج صاحب استطاعت پر زندگی میں ایک مرتبہ فرض ہے٬ دن بدن حاجیوں کے لئے سہولیات میں اضافہ ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

الله ہمیں اور توفیق دے کہ ہم حاجیوں کی زیادہ سے زیادہ خدمت کر سکیں۔ دو قومی نظریہ کے تحت حاصل کئے گئے ملک میں جب تک ہم آقا کریمؐ کا نظام رائج نہیں کریں گے مقاصد حاصل نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد و اتفاق کی اشد ضرورت ہے٬ جب ہم ایک دوسرے کے پیچھے نماز کی ادائیگی شروع کر دیں گے تو حالات بہتر ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس دلدل میں پھنسا ہوا ہے اگر 12 اکتوبر 1999ء کو منتخب حکومت کو برطرف نہ کیا جاتا تو ملک قرضوں کی دلدل سے نکل چکا ہوتا۔

وزیراعظم محمد نواز شریف نے اپنا فرض سمجھ کر ملک کے لئے گراں قدر خدمات سرانجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ اس حکومت پر کوئی ایک پائی کی بھی کرپشن ثابت کر دے تو ہم ہر سزا بھگتنے کے لئے تیار ہیں۔ ہم نے ماضی میں ملک کو ایٹمی قوت بنایا٬ موٹر ویز بنائے٬ اصل مسئلہ نواز شریف نہیں دشمنوں کا نشانہ گوادر بندرگاہ ہے کیونکہ انہیں پتہ ہے کہ اگر سی پیک بن گیا تو پاکستان اپنے پائوں پر کھڑا ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 2018ء میں ملک سے لوڈ شیڈنگ ختم ہو جائے گی۔ چین سے گوادر تک سی پیک شاہراہ کی تکمیل سے پاکستان ترقی و خوشحالی سے ہمکنار ہوگا۔ الله تعالیٰ ہمیں سود کی لعنت سے چھٹکارا دے اور اس کے دشمنوں کو نیست و نابود کرے٬ ہر حاجی کو یہ دعائیں کرنی چاہئیں۔