چیئر مین سید نیئر رضا نے بلدیہ کورنگی کے زیر انتظامات اسکولوں میں تعلیمی معیار کی بہتری کے لئے عملی اقدامات کا اعلان کردیا

بدھ 26 اکتوبر 2016 17:29

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اکتوبر2016ء)چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے بلدیہ کورنگی کے زیر انتظام اسکولوں تعلیمی معیار کی بہتری کے لئے عملی اقدامات کا آغاز کردیا ٬بلدیہ کورنگی کے اسکولوں میں انگلش میڈیم تعلیم کو عملی طور پر شروع کرنے کے ساتھ ساتھ بلدیہ کورنگی کے زیر انتظام عارف حسین انگلش اسکولوں کے 12کیمپس میں ششماہی امتحانات کے لئے انتظامات کو حتمی شکل دے دیاگیا ۔

میونسپل کمشنر بلدیہ کورنگی امیربخش جونیجو کی صدارت میں لانڈھی اور شاہ فیصل زون کے بلدیہ کورنگی کے اسکولوں کے اساتذہ اور محکمہ تعلیم کے افسران کے مشترکہ اجلاس میں بلدیہ کورنگی کے زیر انتظام اسکولوں میں تعلیمی معیار کی بہتری اور اسکولوں کو تمام تر سہولتوں سے آراستہ کرنے کے حوالے سے لائحہ عمل کو ترتیب دیا گیا اجلاس میں ڈائریکٹر ایجوکیشن بلدیہ کورنگی جاوید مصطفی٬ڈپٹی ڈائریکٹر محمودہ بیگم بھی موجود تھیں ۔

(جاری ہے)

میونسپل کمشنر امیر بخش جونیجو نے محکمہ ایجوکیشن بلدیہ کورنگی کو ہدایت کی کہ 3نومبر سے عارف حسین انگلش میڈیم اسکولوں کے 12کیمپس میں ششماہی امتحانات کے آغاز سے قبل تمام اسٹیشنری اور ضروری اشیاء فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ تمام تر انتظامات مکمل کئے جائیں۔انہوں نے کہاکہ بلدیہ کورنگی کے زیر انتظامات اسکولوں میں تعلیمی معیار کو بہتر بنا نے کے لئے عملی اقدامات کئے جائیں درسگاہوں کی حالت کی بہتری کے ساتھ تعلیم کے معیار پر بھی توجہ دی جائے ۔

بلدیہ کورنگی کے تمام اردو اور انگلش میڈیم اسکولوں میں بھی چیئر مین سید نیئر رضا کی ہدایت پر انگلش میڈیم تعلیم کو عارف حسین انگلش میڈیم اسکولوں کی طرز پر یقینی بنا نے کی بھی ہدایت کی میونسپل کمشنر بلدیہ کورنگی امیر بخش جونیجو نے عارف حسین انگلش میڈیکل اسکولوں کے 12کیمپس میں جہاں جہاں اساتذہ کی کمی ہے وہاں ان کی تعداد کو بھی پورا کرنے کی ہدایت جاری کی امیر بخش جونیجو نے کہاکہ مہذب اور مثالی معاشرے میں اساتذہ کا کردار نمایاں ہوتا ہے اور ضلع کورنگی کے ایک ایک بچے کو معیاری تعلیم فراہم کرکے مستقبل میں بہتر معاشرے کیساتھ ساتھ شہر ٬صوبے اور ملک کے لئے اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان فراہم کرینگے ۔