ایچ ای سی سیکرٹریٹ میں چوتھی دوروزہ بین الاقوامی سوشل سائنسز کانفرنس کا انعقاد

بدھ 26 اکتوبر 2016 17:07

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اکتوبر2016ء) ہائر ایجوکیشن کمیشن نے بدھ کے روز میرپور یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی٬ آزاد جموں و کشمیر کے اشتراک سے کمیشن سیکرٹریٹ میں چوتھی دوروزہ بین الاقوامی سوشل سائنسز کانفرنس ’’علاقائی اور بین الاقوامی تعاون: مسائل اور مواقع 2016ء‘‘ کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا۔

ایچ ای سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرڈاکٹر ارشد علی تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ میرپور یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حبیب الرحمان٬ لاہور سکول آف اکنامکس کے ریکٹر ڈاکٹر شاہد امجد چوہدری٬ ایچ ای سی کمیٹی برائے سوشل سائنسز اینڈ ہیومنٹیز کی چئیرپرسن ڈاکٹر نیلوفر شیخ اور ایچ سی سی اکیڈمک ڈویژن کے ڈائریکٹر جنرل رضا چوہان کے علاوہ ملکی وبین الاقوامی ماہرین ٬ وائس چانسلرز اور طلباء نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

ملائیشیا اور مقبوضہ کشمیر سے بھی ماہرین تقریب میںشامل ہونے کے لئے تشریف لائے۔ ڈاکٹر ارشد علی نے اپنے خطاب میں ایچ ای سی کی طرف سے سوشل سائنسز کی ترقی کے عزم کا اعادہ کیا اور اس سلسلے میں اعلیٰ تعلیمی اداروں کی مکمل معاونت کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی معاشرہ سوشل سائنسز کی ترویج کی بغیرصحیح معنوںمیں ترقی نہیں کر سکتا٬ جہاں سائنس اور ٹیکنالوجی معیشت کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں وہیں سوشل سائنسز معاشرتی ترقی کی ضمانت ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایچ ای سی سوشل سائنسز کی ترقی پر خصوصی توجہ دیتا ہے اور مسائل اور چیلنجز کا حل نکالنے کے لئے سوشل سائنٹسٹس کو بھرپور سہولیات فراہم کرتاہے۔ انہوں نے آگا ہ کیا کہ ایچ ای سی تھیمیٹک ریسرچ گرانٹ میں ہر سال خاطر خواہ اضافہ کرتا ہے اور سوشل سائنس کے مضامین میں وافر وظائف بھی فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایچ ای سی اور یوایس ایڈ کے مشترکہ فُل برائٹ پروگرام کے تحت گزشتہ سال بھی متعدد وظائف سوشل سائنسز کے طلباء کو دئیے گئے۔

ڈاکٹر ارشد علی نے زور دیا کہ سوشل سائنسز میں کی جانے والی تحقیق نتیجہ خیز اور معاشرے کے دہشت گردی جیسے مسائل کے حل میں مفید ہونی چاہئے ۔ تحقیق کو موثر بنانے کے لئے ضروری ہے کہ سوشل سائنس کے ماہرین کو معاشرتی امور میں ملوث کیا جائے تاکہ مطلوبہ نتائج برآمد کئے جاسکیں۔ انہوں کے کہا کہ آئندہ تھیمیٹک ریسرچ گرانٹ کے تعین کے لئے 27شعبہ جات کی نشاندہی کی گئی ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر شاہد امجد چوہدری نے کانفرنس کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور پاکستان کے موجودہ مسائل کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آئین انسانی حقوق٬ صوبائی خودمختاری اور قانون کی بالادستی کو یقینی بناتا ہے۔ انہوں نے تعلیم٬ روزگار اور سماجی تحفظ کے بنیادی حقوق کی فراہمی پر زوردیا اور کہا کہ ملک معاشی طور پر مسائل سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔

ڈاکٹر نیلوفر نے امید ظاہر کی کہ کانفرنس قومی مسائل کے حل کے لئے قابل عمل سفارشات پیش کرنے میں اہم کردار ادا کریگا۔ انہوں نے ملک میں سوشل سائنسز کی ترقی کے لئے ایچ ای سی کے کردار کی تعریف کی اور ایچ ای سی کمیٹی برائے سوشل سائنسز اینڈ ہیومنٹیز کے کردار سے آگاہ کیا۔قبل ازایں اپنے افتتاحی اجلاس میں رضا چوہان نے تمام شرکا ء کا شکریہ ادا کیا اور توقع ظاہر کی کہ شرکاء ملک میں سوشل سائنسز کی ترقی کے حوالے سے ٹھوس تجاویز پیش کریں گے۔