نومبر میں سیاسی اور غیر سیاسی عہدوں پر اہم تبدیلیاں ہوں گی٬منظور حسین وسان

طاہر القادری اسلام آباد دھرنے میں شریک ہونگے٬ان کی دھرنے میںشرکت کسی اشارے کا نتیجہ ہے٬صوبائی وزیر ایم کیوایم لندن کتنا بھی زور مار لے انکا کوئی مستقبل نہیں٬ مستقبل صرف ایم کیوایم پاکستان کا ہے٬میڈیا سے بات چیت

بدھ 26 اکتوبر 2016 16:56

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اکتوبر2016ء) سندھ کے وزیر صنعت و تجارت منظور حسین وسان نے کہا ہے کہ نومبر میں سیاسی اور غیر سیاسی عہدوں پر اہم تبدیلیاں ہوں گی ۔ڈاکٹر طاہر القادری اسلام آباد دھرنے میں شرکت کریں گے ۔ان کی دھرنے میںشرکت کسی اشارے کا نتیجہ ہے ۔ایم کیوایم لندن کتنا بھی زور مار لے انکا کوئی مستقبل نہیں٬ مستقبل صرف ایم کیوایم پاکستان کا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے بدھ کو کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔منظور حسین وسان نے کہا کہ اکتوبر اور نومبر میں حکومتیں گرتی ہیں لیکن اس بار جمہوریت کو خطرات نہیں ہیں۔نومبر کے مہینے میں سیاسی اور غیر سیاسی اہم عہدوں پر تبدیلیاں ہوں گی۔طاہر القادری اسلام آباد دھرنے میں شرکت کرینگے۔

(جاری ہے)

دھرنے میں شرکت کرکے طاہر القادری اپنی جماعت کی قیادت کرینگے۔

ان کا اسلام آباد دھرنے میں شامل ہونا کسی اشارے کا نتیجہ ہے۔طاہر القادری کا دھرنے میں شامل ہونے کا مقصد بڑی گڑبڑ ہے۔انہوںنے کہا کہ عمران خان کے ہاتھ میں وزیراعظم کی لکیر نہیں ہے۔آئندہ انتخابات 2018 میں ہونگے۔ان انتخابات میں نواز لیگ٬ پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کو مینڈیٹ ملے گا۔منظور وسان نے کہا کہ گورنر سندھ کے بیانات کے بعد غیر سیاسی قوتیں تقسیم ہوگئی ہیں٬ ٹھنڈے مزاج کا گورنر عہدے پر مزید وقت رہے گا ۔انہوںنے کہا کہ سانحہ کارساز کی تحقیقات میں اس وقت کے وزیراعلی اور میئر کراچی کو بھی شامل تفتیش کیا جائے۔ اس وقت کے وزیراعلی اور میئر کو شامل تفتیش کئے بغیر تحقیقات شفاف ہونا ممکن نہیں ہے ۔