قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ میں دانش کنریا کی پابندی کا معاملہ ایک بار پھر اٹھ گیا

کمیٹی نے اقلیتی پلیئر کے مستقبل کے حوالے سے پی سی بی کو آئی سی سی اور انگلش بورڈ کیساتھ اٹھانے کا ٹاسک سونپ دیا

بدھ 26 اکتوبر 2016 16:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 اکتوبر2016ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کے اجلاس میں ہندو برادری سے تعلق رکھنے والے سابق ٹیسٹ کرکٹرز دانش کنریا کی پابندی کا معاملہ ایک بار پھر اٹھ گیا ٬ کمیٹی نے اقلیتی پلیئر کے مستقبل کے حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کو پاکستانی سپنر کا معاملہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اور برطانوی کرکٹ بورڈ کیساتھ اٹھانے کا ٹاسک سونپ دیا ۔

بدھ کو پارلیمنٹ ہاوس میں ہونیوالی قائمہ کمیٹی کے اجلاس کے دوران مسلم لیگ ن کے اقلیتی رکن رمیش کمار اور ایم کیو ایم کے رکن اسمبلی اقبال محمد علی نے کہاکہ دانش کنیریا پر پابندی لگی ہوئی ہے جو کرکٹ ٹیم میں وہ واحد ہندو کھلاڑی تھا ٬ دنیا کو اس حوالے سے کیا پیغام جائے گا کہ واحد غیر مسلم کرکٹر پر پابندی لگی ہوئی ہے ۔

(جاری ہے)

جس پر پی سی بی ایگزیکٹو کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے کہاکہ ان سے زیادہ کون اقلیتوں کے حقوق کی بات کرتا ہے٬ دانش کنیریا پر ہم نے پابندی نہیں لگائی ٬ اس پر انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے پابندی لگائی ہے ٬ اور اس کی پابندی کو تمام کرکٹ بورڈز کو ماننا پڑتا ہے ٬ دانش کنیریا کی برطانیہ میں کی گئی تمام اپیلیں مسترد ہو گئی ہیں ٬ نجم سیٹھی نے مزید کہاکہ مجھے بیرونی دوروں کا شوق ہے نہ پی سی بی سے تنخواہ لیتاہوں جبکہ اس وقت اگر پی سی بی میں کوئی سب سے زیادہ غیر مقبول شخص ہے تو وہ میں ہوں تاہم اس موقع پر کمیٹی ارکان نے ملک میں کرکٹ کی بحالی اور بہتری کیلئے نجم سیٹھی کی خدمات کو سراہا اور پی سی بی حکام کو دانش کنریا کی پابندی کا معاملہ ایک بار پھر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اور برطانوی کرکٹ بورڈ کیساتھ اٹھانے کا ٹاسک سونپ دیا۔