لاہور ٬جماعت اسلامی کا کرپشن کے خلاف 30اکتوبر کو ملک گیر مارچ کا اعلان

پاکستان کے مستقبل اور نظریہ کو محفوظ بنانا ہے تو غیور پاکستانیوں کوباہر نکلنا پڑے گا٬امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی پریس کانفرنس

بدھ 26 اکتوبر 2016 16:23

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اکتوبر2016ء) پاکستان جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کرپشن کے خلاف 30اکتوبر کو ملک گیر مارچ کا اعلان کردیا۔ گزشتہ روز جماعت اسلامی کے ہیڈکوارٹر منصورہ میں پریس کانفرنس کے دوران انہو ں نے کہا کہ کرپٹ حکمرانوں نے ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کی ہتھکڑیاں ہماری نسلوں کی کلائیوں میں لگادی ہیں اس کے باوجود وہ قوم سے شاباش حاصل کرنے کے طلبگار ہیں انہو ںنے کہا کہ ان حکمرانوں کے ہاتھوں میں پاکستان کا نظریہ پاکستان کی معیشت اور پاکستان کا مستقبل غیر محفوظ ہے۔

انہو ںنے کہا کہ حکمرانوں نے قوم کو بے روزگاری بدامنی لوڈشیڈنگ مہنگائی اور کرپشن کے تحفے دئیے ہیں۔ جب حکمران ہی کرپٹ ہوں تو حکمرانوں کا احتساب ناگزیر ہے۔

(جاری ہے)

عوام کی نظریں عدلیہ پر لگی ہوئی ہیں انہوںنے کہا کہ ایسا کمیشن تشکیل دیا جانا چاہتے ہیں جس کے اختیار میں 25سال سزا٬ پاسپورٹوں کی منسوخی اور جائیدادوں کی ضبطگی کے مکمل اختیار ہوں اور کمیشن وزیراعظم تک کو احتساب کے کٹہرے میں لانے کا اختیار ہو۔ انہوںنے کہا کہ 30اکتوبر کو عوام سے جرگہ ہوگا۔ کرپشن کے خلاف ملک گیر مارچ میں لاہورئیے بھی شامل ہوں گے۔ انہوںنے کہا کہ اگر پاکستان کے مستقبل اور نظریہ کو محفوظ بنانا ہے تو اس معرکہ کو سرکرنے کے لئے غیور پاکستانیوں کوباہر نکلنا پڑے گا۔(سعید)