لاہور ٬میو ہسپتال میں مریض اور اس کے رشتے داروں پر ڈاکٹرز کا تشدد ثابت ہوگیا

بدھ 26 اکتوبر 2016 16:23

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اکتوبر2016ء) میو ہسپتال میں مریض اور اس کے رشتے داروں پر ڈاکٹرز کا تشدد ثابت ہوگیا۔ محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نے وائے ڈی اے کے ڈاکٹرز٬ ایک نرس اور دیگر سٹاف کیخلاف کارروائی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔وائے ڈی اے میو ہسپتال کے صدر ڈاکٹر شہریار نیازی٬ ڈاکٹر مظہر رفیق کی جانب سے مریض اور اس کے رشتے داروں پر تشدد کرنے پر پی جی ٹرینی شپ ایک سال کے لیے معطل اور انہیں میوہسپتال سے نکال دیا گیا ہے٬ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر صدف دستگیر کا تبادلہ کردیا گیا۔

(جاری ہے)

نرس لبنیٰ ثمر کا لاہور جنرل ہسپتال جب کہ ڈیٹا آپریٹر افتخار احمد کو میو ہسپتال سے شاہدرہ ہسپتال تبدیل کردیا گیا ہے اور پروفیسر ڈاکٹراصغرنقی کواس حوالے سے وارننگ جاری کی گئی ہے۔اسی طرح میو ہسپتال کے پولیس چوکی انچارج اے ایس آئی ریاض احمد کیخلاف کارروائی کیلئے ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کو لکھ دیا ہے۔ انکوائری میں ڈاکٹرز کی جانب سے مریض پر تشدد ثابت ہونے کے بعد محکمہ ہیلتھ نے احکامات جاری کیے ہیں۔واضح رہے کہ چند روز قبل میو ہستال میں ایک مریض اور اس کے رشتے داروں پر تشدد کا واقعہ پیش آیا تھا۔(ا یم سلیمان)

متعلقہ عنوان :